یمن میں سعودی کے 300 ملین ریال کے منصوبوں

   

ریاض ۔ سعودی عرب نے یمن میں سلسلہ وار ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کردیا ہے جن میں تین میگا پروجیکٹس شامل ہیں۔ ان منصوبوں کی مشترکہ مالیت 303.4 ملین ریال یعنی80.91 ملین امریکی ڈالر ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے نے بیان کیا ہے کہ یمن میں متعین سعودی سفیر اور یمن کے لئے سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے جنرل سوپروائزرمحمد بن سعید الجابرنے ان منصوبوں کے معاہدوں پر ریاض میں دستخط کئے ہیں۔یمن کے وزیر برائے منصوبہ بندی اور بین الاقوامی تعاون، وزیر مالیات، وزیر برائے آبادی اور صحت عامہ، وزیر ٹرانسپورٹ اور پبلک ورکس اینڈ روڈز کے وزیر دستخطوں کی اس تقریب میں شامل تھے۔یمن کے لئے اعلان شدہ 3 سعودی میگا پراجیکٹس میں213 ملین ریال مالیت کا کنگ سلمان میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل سٹی شامل ہے جو المھرہ گورنریٹ میں قائم کیا جائے گا۔دوسرا منصوبہ 54.4 ملین ریال کا ہے جس کے تحت عدن کے انٹرنیشنل ایرپورٹ کی بحالی کا کام کیا جائے گا۔تیسرے میگا منصوبے کے تحت 36 ملین سعودی ریال کی لاگت سے مارب شہر میں شارع العبرکو بہتر بنایاجائے گا۔سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام کے جنرل سوپر وائزرمحمد بن سعید الجابرنے کہاہے کہ ہم یمن کے مقامی حکام کے ساتھ ہم آہنگی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ، یمن کے مختلف اہم شعبوں کی ضروریات کی تکمیل کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے۔ ہم یمن میں اپنے شراکت داروں جن میں سعودی ادارے اور بین الاقوامی تنظیمیں شامل ہیں، ان کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ یمن کی ترقی کے لئے متحدہ کوششیں کی جا سکیں اور ان منصوبوں کو کامیاب بنایا جا سکے جو یمن میں ترقی، خوشحالی اور فروغِ امن کے لئے کردار ادا کریں گے۔معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب ریاض میں سعودی ڈیولپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام ایس ڈی آر پی وائی کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔