یمن میں فلسطین کی حمایت میں زبردست مظاہرے

   

صنعاء: حوثی گروپ کی حمایت کرنے والے ہزاروں یمنی شہریوں نے فلسطینیوں کی حمایت میں زبردست مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے امریکہ اور برطانیہ کی طرف سے حوثی حکام پر عائد پابندیوں کو مسترد کر دیا اور شمالی یمن پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کی۔ مظاہرین نے فلسطین اور یمن کے جھنڈے لہرائے اور حوثی رہنماؤں کی تصاویر والے پلے کارڈز اُٹھا رکھے اور امریکہ واسرائیل کیخلاف نعرے لگائے ۔حاتم المہقری نے کہا کہ ہم سب غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ بانٹنے کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے کہا کہ ہماری شرکت یقینی طور پر فلسطین کے مسائل اور غزہ میں ہمارے بھائیوں کے بارے میں ہمارے مضبوط موقف کی عکاسی کرتی ہے ۔واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 7 اکتوبر 2023 کو تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں اور غزہ پر اسرائیلی حملے اور محاصرہ جلد سے جلد ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔