یواین ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا طالبان سے لڑکیوں کو تعلیم دینے کا مطالبہ

   

نیویارک: یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بہاس نے طالبان سے لڑکیوں کو تعلیم دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سخت انتباہ جاری کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا نسلوں تک اثرات مرتب کرے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے افغان لڑکیوں کے بنیادی حقوق کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ طالبان کو لڑکیوں کو اسکول واپس جانے کی اجازت دینی چاہیے۔سیما بہاس نے مزید کہا کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ مزید 4 لاکھ لڑکیاں تعلیم سے محروم ہو چکی ہیں، جس سے افغانستان میں مجموعی طور پر تعلیم سے محروم لڑکیوں کی تعداد 2.2 ملین تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ پابندیاں برقرار رہیں تو 2030 تک افغانستان کی 4 ملین سے زیادہ لڑکیاں اسکول سے باہر ہو سکتی ہیں۔یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری حل نکالے تاکہ لڑکیوں کو ان کے حقوق اور تعلیمی مواقع واپس مل سکیں۔