یواے ای کاحوارہ گاؤں کی تعمیرِنوکیلئے 30لاکھ ڈالر کا اعلان

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی گاؤں حْوّارہ کی تعمیرِنو اورانتہاپسند یہودی آباد کاروں کے حملے میں نذرآتش کیے گئے مکانوں کے متاثرین کی امداد کیلئے 30 لاکھ ڈالردینے کا حکم دیا ہے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یہ اقدام ’فلسطینی برادرعوام‘ کی مدد کیلئے کی جانے والی انسانی ہمدردی کی کوششوں کے عین مطابق ہے اوراس پرابوظبی کے محکمہ بلدیات اورٹرانسپورٹ کے ذریعے اماراتی،فلسطینی فرینڈشپ کلب کے تعاون سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں گذشتہ کئی ماہ سے جاری تشدد کے بعد ایک اہم چیک پوائنٹ کے نزدیک واقع گاؤں حْوّارہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان اب تازہ ترین کشیدگی کا میدان بن گیا ہے۔گذشتہ ماہ ایک مسلح فلسطینی شخص کے ہاتھوں دو آباد کاروں کی ہلاکت کے بعد متعدد اسرائیلی آباد کاروں نے حْوّارہ پردھاوا بول دیا تھا اور وہاں پرتشدد مظاہرہ کیا تھا۔انھوں نے اپنے دھاوے میں فلسطینیوں کی درجنوں کاروں اور گھروں کو نذرآتش کردیا تھا۔