یوتھ کانگریس قائدین سوشیل میڈیا پر خصوصی توجہ دیں : مہیش کمار گوڑ

   

گچی باولی تنازعہ اور راجیو یووا وکاسم اسکیم پر عوام میں شعور بیدار کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے یوتھ کانگریس قائدین کو سوشیل میڈیا پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے گچی باولی اراضی معاملے میں اپوزیشن کی جھوٹی تشہیر کا منھ توڑ جواب دینے اور راجیو یووا وکاسم اسکیم کے بارے میں نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے کا مشورہ دیا ۔ اندرا بھون میں آج یوتھ کانگریس کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تلنگانہ کانگریس انچارج سکریٹری وشنوناتھ ریاستی وزیر پونم پربھاکر اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار و دیگر شریک تھے ۔ اپنے خطاب میں مہیش کمار گوڑ نے یوتھ کانگریس قائدین کو کانگریس کی حفاظتی ڈھال بن کر کام کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں محنت کرنے والوں کو ضرور اہمیت دی جائے گی ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں مناسب مقام عطا کیا جائے گا ۔ کے سی آر نے ریاست کی معیشت کو تباہ و برباد کردیا ۔ کانگریس حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور فلاحی اسکیمات پر یوتھ کانگریس قائدین خصوصی مہم چلائیں ۔ فلاحی اسکیمات سے غریب عوام کو فائدہ پہونچانے کام کریں ۔ سوشیل میڈیا پر جارحانہ موقف اختیار کریں ۔ سپاہی کی طرح پارٹی کے استحکام کیلئے کام کریں ۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں کامیابی کیلئے یوتھ کانگریس قائدین عوام کے ساتھ کام کریں ۔ جئے باپو ۔ جئے بھیم ۔ جئے سمویدھان پروگرام میں جوش و خروش سے حصہ لیں ۔ حکومت نے نوجوانوں کو خود روزگار فراہم کرنے راجیو یووا وکاسم اسکیم کا اعلان کیا ہے ۔ اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں ۔ ایسی اسکیم ملک کی کسی ریاست میں دستیاب نہیں ہے ۔ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی اراضیات کے معاملے میں اپوزیشن مصنوعی ذہانت AI ٹکنالوجی سے جھوٹی تشہیر کرتے ہوئے حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ یوتھ کانگریس کے قائدین اس کا منھ توڑ جواب دیں اور حقائق سے عوام کو واقف کروائیں ۔۔ 2