یوراج سنگھ بین الاقوامی کرکٹ اور آئی پی ایل سے سبکدوش

,

   

ممبئی۔10 جون (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ2011 میں ہندستان کو خطابی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے اور مین آف دی ٹورنمنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے یوراج سنگھ نے بین الاقوامی کرکٹ کے ساتھ آئی پی ایل سے بھی سبکدوشی کا اعلان کردیا ہے ۔ ہندستانی کرکٹ کے بہترین آ ل راونڈرز میں شمار یوراج سنگھ نے اپنی سبکدوشی کا اعلان ایسے وقت کیا جب انگلینڈ میں آئی سی سی ورلڈ کپ چل رہا ہے اور ہندستان اس ٹورنمنٹ میں مسلسل اپنے دو مقابلے جیت چکا ہے ۔ سکسر کنگ کے نام سے مشہور جارحانہ بیٹسمین اور بائیں ہاتھ کے اسپنر یوراج نے ہندستان کی میزبانی میں 2011 میں ہوئے ورلڈ کپ میں ملک کو28 برس کے طویل انتظار کے بعد چمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جس کے لئے انہیں مین آف دی ٹورنمٹ اعزاز سے نوازا گیا تھا۔انہوں نے ممبئی کے ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس میں اپنی سبکدوشی کا اعلان کیا۔ یوراج نے کنارہ کشی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ یہ میرے لئے بہت ہی جذباتی لمحہ ہے ۔ ملک کے لئے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کی زندگی میں سب سے فخر کی بات ہوتی ہے اور اس کھیل کو چھوڑناآسان نہیں ہوتا جس سے آپ نے اتنی محبت کی ہے ۔ یہ بہت مشکل اور ساتھ ہی میرے لئے بہت خوبصورت وقت ہے ۔کرکٹ کیریئر میں25 اوربین الاقوامی کیریئر میں17 سال گزارنے کے بعد اب میں نے آگے بڑھنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ہندستان کی طرف سے 304 ونڈے ، 40 ٹسٹ اور58 ٹوئنٹی20 مقابلے کھیلنے والے یوراج ہندستان کی 2007 میں ٹوئنٹی20 ورلڈکپ اور2011 میں ونڈے ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں نے ہندستان کے لئے400 سے زیادہ مقابلے کھیلے ۔جب میں نے اپنا کرکٹ کیریئر شروع کیا تھا تب میں نے کبھی یہ تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میں یہاں تک پہنچوں گا۔میں نے اس کھیل کو اتنا پیار کیا جسے میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ اس کھیل نے مجھے سکھایا کہ کس طرح لڑکر اٹھا جاتا ہے ۔ آاپنے شاندار کرکٹ کیریر کو یاد کرتے ہوئے یوراج نے جذباتی انداز میں کہاکہ میں نے اپنے 25 برس کے کیریر اور17برس کے بین الاقوامی کیریر میں کئی اتار چڑھاودیکھے ہیں۔ میں نے اب اپنے کیریر میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔یوراج گزشتہ کافی عرصہ سے ہندستانی ٹیم سے باہر تھے ۔ ان کا خواب 2019 کے ورلڈکپ میں بھی کھیلنا تھا لیکن ناقص فارم اور فٹنس کی وجہ سے ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ یوراج کو ہندستانی کرکٹ میں ہمیشہ ایک ایسے جانبازآل راؤنڈر کے طورپر یاد رکھا جائے گا جنہو ں نے ایک اوور میں چھ چھکے لگانے سمیت ملک کو کوئی یادگار لمحے دیئے ۔سرکردہ آل راؤنڈر نے کہاکہ میرے کرکٹ سفر کے دوران کچھ ایسے پل رہے جو ہمیشہ میری یادوں میں قائم رہیں گے ۔2002 نیٹ ویسٹ سیریز کا فائنل،2004 میں لاہور میں میری پہلی ٹسٹ سنچری، 2007 میں انگلینڈ میں ٹسٹ سیریز اور2007 ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کی خطابی جیت اور چھ چھکے اور سب سے زیادہ یادگار2011 ورلڈ کپ کا فائنل۔ یوراج نے اپنے بدترین وقت کے لئے کہاکہ 2014 ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل میرا بدترین دن تھا۔میں نے سری لنکا کے خلاف21 گیندوں میں11 رنز بنائے ۔اس وقت میں اتنا ٹوٹ گیا تھا کہ مجھے لگا میراکیریئر ختم ہو جائے گا۔کینسر نے انہیں کافی وقت تک کرکٹ سے دور رکھا لیکن کینسر کو جیت کر جب وہ کرکٹ کے میدان میں واپس آئے تو پہلے جیسے کھلاڑی نہیں رہے تھے۔