تہران، 18 اپریل (یو این آئی) ایران نے افزودہ یورانیم امریکہ منتقل کرنے کے ٹرمپ کے دعوے کی تردید کر دی۔ ایران نے افزودہ یورانیم امریکہ منتقل کرنے کا ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا، ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ یورانیم ہماری سرزمین جتنا مقدس ہے ، کہیں منتقل نہیں ہوگا۔ ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی نے خبر رساں ادارے تسنیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ افزودہ یورانیم ہمارے لیے ایرانی سرزمین کی طرح مقدس ہے اور اسے کسی حالت میں کہیں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ایران کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا کہ تہران افزودہ یورینیم کو ملک سے باہر منتقل کرنے کو قبول نہیں کرے گا اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کے معاہدے یا وعدے کی تردید کی ہے ۔ رضائی نے الجزیرہ مباشر سے گفتگو میں کہا کہ تہران افزودگی کو صفر کرنے یا اپنے پُرامن جوہری پروگرام کو روکنے سے متعلق کسی بھی تجویز کودوٹوک انداز میں مستردکرتا ہے ، کیونکہ اسے وہ ایک اہم سرخ لکیر سمجھتا ہے ۔ صدر ٹرمپ بارہا یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ ایران اپنا افزودہ یورانیم ذخیرہ حوالے کر دے گا، اور ایک بیان میں انھوں نے لکھا کہ امریکا تمام جوہری مواد حاصل کر لے گا۔