یوسف ٹیکری واقعہ…مخالفین کی ایک دوسرے کیخلاف پولیس میں شکایت

   

حیدرآباد ۔11۔فروری (سیاست نیوز) ہمایوں نگر پولیس نے بالآخر یوسف ٹیکری واقعہ پر مقدمات درج کرلئے۔ دونوں مخالفین کی ایک دوسرے کے خلاف شکایت پر پولیس نے مقدمات درج کرلئے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ تاہم اس رات پیش آئے فائرنگ کے واقعہ کی پولیس تردید کر رہی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے فائرنگ کے الزامات کا سامنا کر رہے اختر کی بندوق کی جانچ بھی کی ہے لیکن فائرنگ کا واقعہ ابھی بھی معمہ بنا ہوا ہے ۔ کیا کسی اور بندوق سے فائر کیا گیا یا فائر کرنے والا ہی کوئی دوسرا شخص تھا۔ چونکہ اس مقام پر ایک رکن اسمبلی کی موجودگی کی تصدیق کی جارہی ہے ۔ معاملہ فہمی کے تحت ہوئی میٹنگ میں تلخ کلامی اور بحث و تکرار کے بعد شکیل خاں اور اختر میں جھگڑا ہوا۔ 8 فروری کی رات یوسف ٹیکری میں اختر کے مکان پر جھگڑے اور حملہ کی شکایت ایک دوسرے فریق کی جانب سے کی گئی ہے۔ رقمی معاملہ اور لین دین کے مسئلہ پر جھگڑا ہوا تھا ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر ہمایوں نگر ملیش نے بتایا کہ اختر اور شکیل خاں کی شکایت پر مقدمات درج کرلئے گئے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں۔ع