یوم آزادی پر دہلی میں کسان ریلی نہیں ہوگی

   

نئی دہلی۔ یوم آزادی پر قومی دارالحکومت میں کسان تحریک سے متعلق کوئی بھی پروگرام نہیں کرنے کے کسان لیڈروں کے اعلان کے باوجود دہلی کی سرحد پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع نے سنیچر کو یو این آئی کو بتایا کہ کسان لیڈروں نے اتوار کو خواہ دہلی میں پروگرام نہیں کرنے اور دھرنے کے مقامات پر ہی پرامن طریقہ سے پرچم لہراکر آزادی کے جشن میں شامل ہونے کی بات کہی ہے لیکن گزشتہ تجربہ اس کے برعکس ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ راجدھانی میں سرحدوں پر 26جنوری کے مقابلہ میں زیادہ احتیاط برتی جارہی ہے تاکہ گزشتہ بار کی طرح افسوسناک واقعہ کو انجام دینے کا کسی کو موقع نہ ملے ۔ انہو ں نے بتایا کہ دہلی پولیس کے جوانوں کے علاوہ مرکزی نیم فوجی دستوں کی فاضل تعیناتی کے ساتھ ہی دیگر الیکٹرونک آلات سے سیکورٹی نگرانی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ احتیاطاً ایسے غیرمعمولی سیکورٹی انتظامات کئے گئے کہ یوم آزادی کی تقریب کے دوران کسی بھی سطح پر خلل پڑنے کی گنجائش نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ صحیح ہے کہ گزشتہ دنوں ‘سمانانتر کسان سنسد’ کے دوران کئی کسان لیڈروں نے یوم آزادی پر پروگرام کی جگہ جنتر منتر پر قومی پرچم لہرانے کا اعلان کیا تھا لیکن پارلیمنٹ کے اجلاس کے مقررہ مدت سے قبل ختم ہونے کے بعد انہوں نے بھی اپنا ‘اجلاس’ ختم کردیا اور پورا علاقہ خالی کردی۔ اس کے بعد کسی تنظیم کی طرف سے کوئی پروگرام کرنے کی اجازت نہیں لی گئی ہے ۔