حیدرآباد۔14اگست (یو این آئی) گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندراراجن نے ریاست کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے ۔ اپنے پیام میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک آزادی کے 75 برس آزادی کا امرت مہوتسو منارہا ہے ۔ ملک کی تاریخ کا یہ یادگار دن ہے ۔ ہم نوآبادیاتی استعماری استبداد سے آزاد ہوئے اور ان گنت قربانیوں و بے تکان جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی۔ تاریخی موقع پر یہ ہمارا فرض ہے کہ قومی جھنڈے کے تئیں احترام و وقار کا اظہار کریں۔ آزادی کے بعد ہندوستان نے تمام شعبہ جات میں نمایاں چھلانگ لگائی اور ہم فی الحال اس کے فائدے حاصل کررہے ہیں۔ اس اہم موقع پر ہمیں چاہئے کہ ہم ان شخصیات کو یاد کریں جنہوں نے اپنی جانیں قربان کی تھیں۔ آیئے ہم یہ عہد کریں کہ خودمکتفی کے حقیقی جذبہ کے تمام پہلووں میں ہندوستان کو مضبوط، مستحکم اور خودانحصار بنائیں۔ انہوں نے تمام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔