یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کا پریڈ گراؤنڈ پر انعقاد، چیف منسٹر کی شرکت

   

ضلع ہیڈکوارٹرس پر انچارج وزراء کی شرکت، تقاریب کے شایان شان انعقاد کا فیصلہ، بھٹی وکرامارکا کا اجلاس

حیدرآباد 27 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ یوم تاسیس تلنگانہ کی تقاریب کا 2 جون کو ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں لائیں اور اِس کے لئے منصوبہ بندی اور تیاریوں کا آغاز کیا جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے سکریٹریٹ میں یوم تاسیس تقاریب کے سلسلہ میں مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد اور تمام اضلاع میں 2 جون کو تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے حیدرآباد میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ بعد میں تقریب پرچم کشائی اور مارچ پاسٹ کا اہتمام کیا جائے گا۔ پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر چیف منسٹر ریونت ریڈی پرچم کشائی انجام دیں گے اور پریڈ کی سلامی لینے کے بعد خطاب کریں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ نئی دہلی کے تلنگانہ بھون میں بھی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ ہر ضلع میں انچارج وزیر رسم پرچم کشائی انجام دیں گے۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق یوم تاسیس تقاریب میں مہمان خصوصی کے طور پر جاپان کی میئر اور مس ورلڈ مقابلہ کے کامیاب امیدوار شرکت کریں گے۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے سبب گزشتہ سال یوم تاسیس تقاریب کا بڑے پیمانہ پر انعقاد عمل میں نہیں لایا جاسکا لہذا حکومت نے جاریہ سال بڑے پیمانہ پر تقاریب کا منصوبہ بنایا ہے۔ تلنگانہ کی ترقی، حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ریاست کی تہذیب و ثقافت کو تقاریب میں عوام کے لئے پیش کیا جائے گا۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ انتظامات کی راست نگرانی کریں گے۔ وہ ضلع کلکٹرس اور مختلف محکمہ جات سے تال میل کے ذریعہ تقاریب کا تعین کریں گے۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر وی نریندر ریڈی، چیف سکریٹری کے رام کرشنا راؤ، ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جیتندر، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، اسپیشل چیف سکریٹریز وکاس راج، رگھونندن راؤ، کمشنر اطلاعات ہریش، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، ڈائرکٹر فائر سرویسس ناگی ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔1