پریڈ گراؤنڈ میں تقریب سے گریز، کے سی آر پرگتی بھون میں یوم جمہوریہ منائیں گے، سوندرا راجن پڈوچیری کی تقاریب میں شرکت کریں گی
حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بجائے اضافہ ہی ہورہا ہے۔ یوم جمہوریہ تقاریب پر چیف منسٹر اور گورنر کے مابین اختلافات کا صاف طور پر اثر دکھائی دے گا کیونکہ حکومت نے پریڈ گراؤنڈ یا پھر باغ عامہ میں یوم جمہوریہ تقریب کے بجائے گورنر سوندرا راجن کو راج بھون میں اپنے طور پر تقریب منعقد کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب یوم جمہوریہ کی تقریب کسی مرکزی مقام کے بجائے راج بھون اور پرگتی بھون تک محدود ہوجائے گی۔ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں گورنر اور چیف منسٹر یوم جمہوریہ کے موقع پر علحدہ علحدہ تقاریب میں قومی پرچم لہرائیں گے۔ واضح رہے کہ راج بھون نے حکومت سے یوم جمہوریہ تقریب کے بارے میں وضاحت طلب کی تھی اس کے علاوہ گورنر کی تقریر کی نقل روانہ کرنے کی خواہش کی گئی۔ طویل انتظار کے بعد حکومت نے آخر کار راج بھون کو مشورہ دیا کہ اپنے طور پر یوم جمہوریہ تقریب منعقد کرلیں۔ گذشتہ تقریباً دیڑھ سال سے راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان خلیج پیدا ہوچکی ہے۔ حکومت کی جانب سے اسمبلی میں منظورہ 8 مختلف بلز کئی ماہ سے منظوری کیلئے راج بھون میں زیر التواء ہیں۔ پریڈ گراؤنڈ میں سرکاری تقریب کے عدم انعقاد کے سبب بتایا جاتا ہے کہ گورنر سوندرا راجن راج بھون میں پرچم کشائی کے بعد پڈوچیری روانہ ہوجائیں گی جہاں لیفٹننٹ گورنر کی حیثیت سے وہ یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب میں حصہ لیں گی۔ گذشتہ سال بھی سوندرا راجن نے راج بھون میں پرچم کشائی کے بعد پڈوچیری پہنچ کر سرکاری تقریب میں حصہ لیا تھا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر سوندرا راجن جو سابق میں ٹاملناڈو بی جے پی کی صدر رہ چکی ہیں ستمبر 2019 میں گورنر تلنگانہ کے عہدہ کا جائزہ لیا۔ گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے پی کوشک ریڈی کے نام کی عدم منظوری کے بعد سے حکومت کے ساتھ اختلافات پیدا ہوگئے۔ حال ہی میں کھمم کے جلسہ عام میں قومی قائدین نے گورنر کے سسٹم پر تنقید کرتے ہوئے مرکز کی جانب سے غیر بی جے پی حکومتوں کے خلاف گورنرس کو استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ ڈاکٹر سوندرا راجن نے جلسہ عام کی تقاریر پر اعتراض کرتے ہوئے حکومت پر پروٹوکول کی خلاف ورزی کی شکایت کی تھی۔ 2021 میں کورونا وباء کے باعث یوم جمہوریہ تقریب باغ عامہ میں منعقد ہوئی تھی جبکہ گذشتہ سال یہ تقریب راج بھون تک محدود ہوگئی تھی۔ تلنگانہ کے گورنر کی حیثیت سے ڈاکٹر ای ایس ایل نرسمہن کے دور میں حکومت سے کوئی اختلافات نہیں تھے۔ گذشتہ دو بجٹ سیشن سے حکومت گورنر کے خطبہ کے بغیر اسمبلی اجلاس کا آغاز کررہی ہے۔ بجٹ سیشن کا 3 فروری سے آغاز ہوگا اور اسی دن ریاستی بجٹ پیش کردیا جائے گا۔ قومی تقاریب اور دیگر مواقع پر دستوری عہدہ کو نظرانداز کرنے پر گورنر نے مرکز سے شکایت کی ہے۔ر