یوم خواتین پر اسپیکر کی کار ڈرائیور بھی خاتون

   

بھوپال: مدھیہ پردیش اسمبلی کے اسپیکر گریش گوتم نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پوری قوت مادرکو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر ان کی گاڑی کی کمان بھی ایک خاتون ڈرائیور نے سنبھالی ۔ مسٹر گوتم نے یوم خواتین کے موقع پر ایوان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی سماجی اخلاقیات میں خواتین کے تئیں عقیدت ہے ۔ آج خواتین ہر شعبے میں خود کفیل اور بااختیار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ آج ان کی گاڑی کی ڈرائیور ایک خاتون ہی ہے ۔ اسی دوران وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج خواتین نے پوری ریاست میں ٹریفک نظام کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ مسٹر مشرا نے کہا کہ ہندوستانی ثقافت میں خواتین کا مقام مردوں سے پہلے ہی آتا ہے ۔ اپنی بات کی تائید میں انہوں نے سیتا رام، رادھے شیام، گوری شنکر، لکشمی نارائن جیسی کئی مثالیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے علاوہ دنیا کے کسی بھی ملک کو ماں کا نام نہیں دیا گیا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر کمل ناتھ نے اس موقع پر کستوربا گاندھی کو یاد کیا اور کہا کہ جمہوریت کی لڑائی میں ملک کی خواتین نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو یوم خواتین کے بجائے ماؤں اور بہنوں کا دن کہا جانا چاہیے ۔