پی جی اور دیگر امتحانات سے ٹکراؤ، طلبہ کو نقصان سے بچانے کی کوشش
حیدرآباد: تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے یونیورسٹی آف حیدرآباد سے نمائندگی کی ہے کہ وہ پی جی ، ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کیلئے انٹرنس امتحانات کی تواریخ پر نظرثانی کریں ۔ وائس چانسلر کے نام مکتوب میں ونود کمار نے کہا کہ ڈگری اور پی جی کے بڑی تعداد میں طلبہ جن کا تعلق مختلف یونیورسٹیز سے ہے، فائنل ایئر امتحانات کی تیاری میں مصروف ہیں۔ امتحانات کا 22 ستمبر تا 13 اکتوبر انعقاد عمل میں آئے گا ۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کی جانب سے ان تاریخوں میں انٹرنس امتحانات کے انعقاد سے طلبہ کو دشواری ہوگی اور وہ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے انٹرنس میں شرکت سے محروم رہیں گے۔ ونود کمار نے کہا کہ مختلف گوشوں سے نمائندگی کی گئی کہ انٹرنس امتحانات کو 24 تا 26 ستمبر کے بجائے دوسری تاریخوں میں منعقد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی طویل جدوجہد کے نتیجہ میں یونیورسٹی آف حیدرآباد کا قیام عمل میں آیا ہے ۔ تلنگانہ کے ہزاروں طلبہ کے مفادات اور تعلیمی سال کو بچانے کیلئے وائس چانسلر کو فوری کارروائی کرنی چاہئے ۔ اسی دوران نیشنل کونسل آف ایس سی ، ایس ٹی ویلفیر آرگنائزیشن کے نمائندوں نے ونود کمار سے ملاقات کی اور ایس سی ، ایس ٹی امیدواروں کو خود روزگار اسکیمات کے تحت حکومت کی جانب سے سہولتوں کی فراہمی کی درخواست کی ۔ ونود کمار نے تیقن دیا کہ دیہی علاقوں میں ایس سی ، ایس ٹی امیدواروں کو خود روزگار اسکیم کے تحت سبسیڈی پر ضروری آلات فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر سے نمائندگی کریں گے ۔