نیویارک : ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب تخلیق کاروں کیلئے آمدنی کا ایک نیا ذریعہ متعارف کروانے کیلئے تیار ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یوٹیوب تخلیق کاروں کیلئے جیولز کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کروا رہا ہے، جس کی مدد سے وہ لائیو اسٹریمز کے ذریعہ آمدنی حاصل کر سکیں گے۔ جیولز ایک ڈیجیٹل کرنسی ہے جسے صارفین اپنے پسندیدہ تخلیق کاروں کو بطور تحفہ بھیج سکتے ہیں۔ فیس بک اور دوسرے انٹرایکٹیو لائیو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی طرح یوٹیوب پر بھی اس گفٹ کو بھیجنے کا آپشن لائیو اسٹریمز کے دوران ظاہر ہو گا۔ یہ ٹک ٹاک کے لائیو گفٹ فیچر کی طرح بھی ہے، جس میں صارف سکے خریدتے ہیں اور انہیں بطور تحفہ بھیجتے ہیں۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ جب ناظرین جیولز کا استعمال کرکے تحائف بھیجیں گے تو تخلیق کاروں کو قوت ملے گی، 1 روبی کی قیمت 1 امریکی سینٹ اور 100 روبی 1 ڈالر کے برابر ہوں گے۔