یوپی، ہریانہ انتخابات سے قبل زرعی قوانین کی واپسی کا فیصلہ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش: حسین دلوائی

   

ممبئی: مہاراشٹرا کانگریس کے نائب صدر و سابق رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی نے تینوں سیاہ زرعئ قوانین کے واپس لینے کے وزیراعظم نریندر مودی کے اس اعلان کو سیاسی فائدہ کا پیش خیمہ قراردیتے ہوئے اسے .یوپی ہریانہ الیکشن سے قبل رائے دہندگان کو لبھانے والا فیصلہ قرار دیا ۔ انہوں نے کسانوں کی تحریک اوراحتجاج کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کسان لیڈر راکیش ٹکیٹ اور کسانوں کی ستائش کی اور کہا کہ کسانوں نے مغرورمرکزی سرکار کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ہے لیکن جوفیصلہ اوراعلان مودی جی نے اب کیا وہ پہلے ہی کر دیا جانا چاہئے تاکہ اگریہ پہلے ہوتا تو کسان شہید نہیں ہوتے انہیں اپنی جانیں قربا ن نہیں کرنی پڑتی ان کا یہ احتجاج ایک برس سے زائد عرصے تک نہیں جاری رہتا ۔ دلوائی نے کہا کہ مودی جی موقع پرست ہے انہوں نے یہ ثابت بھی کردیا ہے ۔ مودی نے جو فیصلہ لیا ہے اس کا فائدہ انہیں الیکشن میں ہر گز نہیں ہو گا کیونکہ عوام اورکسا ن ان کی نیت اورغلط پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں۔