یوپی صدرکانگریس اجے کمار للو کی رہائی کیلئے پارٹی کارکنوں کا احتجاج، کئی گرفتار

   

لکھنؤ۔13جون( سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریسی کارکنوں نے آج جی پی او پر احتجاجی مظاہرہ کیا جنہیں پولیس نے گرفتارکرلیا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پارٹی کے تقریبا 50کارکن ریاستی راجدھانی کے جی پی او تک پہنچ گئے اور گاندھی پرتما کے نزدیک دھر نا دینا چاہتے تھے ۔ان کے ہاتھوں میں بیانرس تھے جس پر ریاستی صدر کی رہائی کی حمایت میں نعرے تحریر کئے گئے تھے ۔ریاستی کانگریس کے میڈیا کوآرڈینیٹر للن سنگھ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے بے وجہ کانگریس کے ریاستی صدر کو گرفتار کیاہے ۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی حکومت پارٹی کے ریاستی صدر کے خدمت خلق کے جذبے اور عوام الناس میں ان کی مقبولیت سے خائف ہے اس لئے انہیں بلاوجہ گرفتار کیا گیا ہے ۔پولیس نے کانگریس کارکنان کو گاندھی پرتما کے سامنے دھرنے پر نہیں بیٹھنے دیا اور گرفتار کر کے انہیں پولیس لائن منتقل کردیا گیا۔