یوپی میں ’ایک خاندان، ایک پہچان‘ کے تحت خصوصی آئی ڈی نمبر

   

آئی ڈی کے ذریعہ حاصل کردہ ڈیٹا بیس کی بنیاد پر روزگار سے محروم خاندانوں کی نشاندہی

لکھنؤ: ہر خاندان کے کم از کم ایک رکن کو روزگار سے جوڑنے کی بڑی اسکیم پر کام کررہی اترپردیش حکومت نے ‘پریوار آئی ڈی۔ایک پریوار ایک پہچان’ بنوانے کے لئے آن لائن پورٹل جاری کردیا ہے ۔ ایسے سبھی کنبے جو نیشنل فوڈ سیکوریٹی اسکیم کے اہل نہیں ہیں یعنی جن کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے وہ خاندان آئی ڈی بنواسکیں گے ۔ جبکہ راشن کارڈ ہولڈر خاندانوں کا راشن کارڈ آئی ڈی ہی ان کے پریوار کی آئی ڈی مانی جائے گی۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو بتایا کہ ایک خاندان، ایک پہچان اسکیم کے تحت فی خاندان کو ایک خصوصی پہچان جاری کیا جارہا ہے ۔ جس سے ریاست کے پریوار یونٹس کا یک لائیو ڈیٹا بیس قائم ہوگا۔ یہ ڈیٹا بیس اسکیمات کے بہتر منجمنٹ، بروقت ٹارگٹنگ، شفاف آپریشن اور اہل افراد کو اسکیم کا 100 فیصد فائدہ پہنچانے اور عام لوگوں کے لیے سرکاری سہولیات کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پریوار آئی ڈی کے ذریعہ حاصل کردہ مربوط ڈیٹا بیس کی بنیاد پر روزگار سے محروم خاندانوں کی نشاندہی کی جا سکتی ہے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر روزگار کے مناسب مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ گزشتہ دنوں فیملی آئی ڈی کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے فیملی پاس بک تیار کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق ایک فیملی پاس بک بھی تیار کی جائے گی جس میں ہر خاندان کو ملنے والی سرکاری سکیموں کے فوائد کی مکمل تفصیلات دکھائی جائیں گی۔ اس سے ریاست کے ہر خاندان کو خود انحصاری اور بااختیار بنانے کی مہم مکمل ہو جائے گی۔ پاس بک اور فیملی آئی ڈی کے اجراء سے پہلے خاندان سے متعلق تمام معلومات کی صحیح طور پر تصدیق کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، اس وقت اتر پردیش میں رہنے والے تقریباً 3.61 کروڑ خاندانوں کے 15.06 کروڑ لوگ نیشنل فوڈ سیکورٹی اسکیم کا فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ فیملی آئی ڈی کے لیے لاگو سسٹم کے مطابق، ان خاندانوں کا راشن کارڈ نمبر فیملی آئی ڈی ہوگا۔ وہ خاندان جو نیشنل فوڈ سیکیورٹی اسکیم میں شامل نہیں ہیں جو راشن کارڈ کے اہل نہیں ہیں انہیں فیملی آئی ڈی پورٹل https://familyID.up.gov.in/portal/index.html کے ذریعے فیملی آئی ڈی فراہم کی جائے گی۔ یہ پورٹل ان خاندانوں کو 12 ہندسوں کی منفرد فیملی آئی ڈی فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔
اب تک پورٹل پر 78 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 37 ہزار درخواستوں کو منظور کیا جا چکا ہے ۔ فیملی آئی ڈی کے لیے بنائے گئے ایکشن پلان کے مطابق مختلف محکموں کے ڈیٹا بیس کو لنک کیا جائے گا۔ اس طرح مختلف سرکاری اسکیموں کے لیے درخواست دیتے وقت مطلوبہ ریکارڈ کو اسکین کرنے اور اپ لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ آدھار پر مبنی ای-کے وائی سی سہولت پریوار آئی ڈی پورٹل پر دستیاب ہے ۔