گورکھپور: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے چہارشنبہ کو یوکرین سے لوٹے گورکھپور کے 16میڈیکل طلبا۔طالبات اور ان کے سرپرستوں سے آج گورکھپور میں ملاقات کر کے ان کا حال چال جانا اور کہا کہ جنگ زدہ ملک سے واپس لوٹے طلبہ کے کیرئیر کے حوالے سے حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے ۔واپس لوٹے طلبہ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے یوگی نے کہا کہ یوکرین سے بچوں کی واپسی مودی حکومت کی حساسیت کو اجاگر کرتی ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ یوکرین سے شہریوں اور طلبہ کو واپس لانے کی یہ سہولیت صرف ہندوستان کو ہی ملی ہے ۔بقیہ ممالک خاص کر افریقی ممالک نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور وہاں پھنسے اپنے شہریوں کو خدا کے بھروسے چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے جنگ شروع ہوتے ہی میٹنگ کی اور یوکرین میں پھنسے شہریوں کو لانے کے لئے آپریشن گنگا کا آغاز کیا۔ اس کے لئے چار مرکزی وزراء کو بھیجا گیا اور مرکزی حکومت و ریاستی حکومت نے نوڈل افسران کی تعیناتی کی جبکہ یوپی حکومت نے دہلی میں نوڈل افسران کی تعیناتی کی۔ یوپی بھون میں ٹھہرایا اور بچوں کو بحفاظت ان کے گھر تک پہنچانے کا نظم کیا۔