ایر پورٹ پر جذباتی مناظر،حکومت سے اظہار تشکر، پھنسے ہوئے مزید ساتھیوں کی فکر
حیدرآباد۔/27 فروری، ( سیاست نیوز) یوکرین میں پھنسے ہوئے تلنگانہ کے طلبہ کا پہلا گروپ آج صبح حیدرآباد پہنچا۔ عوامی نمائندوں اور حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے طلبہ کا شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر استقبال کیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی جنگ زدہ یوکرین سے بحفاظت واپسی کی ہدایت دی تھی جس کے بعد حکام نے مفت فلائیٹ ٹکٹ کے علاوہ دیگر سہولتوں کا اہتمام کیا۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کے مطابق ریاستی حکومت وزارت خارجہ سے مسلسل ربط میں ہے اور ریاست کے دیگر طلبہ کو یوکرین سے بحفاظت واپس لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے یوکرین کے طلبہ کیلئے نئی دہلی کے تلنگانہ بھون اور حیدرآباد کے سکریٹریٹ میں خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے۔ طلبہ کے والدین اور سرپرستوں کو واپسی کے بارے میں اطلاع دی جارہی ہے۔ رکن اسمبلی راجندر نگر پرکاش گوڑ، پرنسپل سکریٹری جی اے ڈی وکاس راج اور دیگر عہدیداروں نے ایر پورٹ پر طلبہ کا استقبال کیا۔ طلبہ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بحفاظت واپسی کے انتظامات پر اظہار تشکر کیا۔ تلنگانہ حکومت یوکرین کے ہندوستانی سفارتخانہ سے مسلسل ربط میں ہے۔ پہلے گروپ میں 15 طلبہ حیدرآباد واپس ہوئے۔ طیرانگاہ پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھے گئے جہاں طلبہ کے والدین اور رشتہ داروں، دوست احباب نے جذباتی انداز میں استقبال کیا۔ یہ طلبہ 218 طلبہ کے گروپ میں شامل تھے جو ہفتہ کو ایر انڈیا کی فلائیٹ سے ممبئی پہنچے تھے۔ ممبئی میں قیام اور واپسی کیلئے حکومت کی جانب سے ٹکٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔ طلبہ نے بتایا کہ انہوں نے رومانیہ سرحد پر بحفاظت پہنچنے کے بعد فلائیٹ میں سوار ہوئے۔ ہندوستانی سفارتخانہ اور متعلقہ یونیورسٹیز نے بہتر خدمات انجام دی ہے۔ طلبہ نے بتایا کہ وہ یوکرین کے مغربی جانب قیام کرتے ہیں جو محفوظ زون ہے جبکہ جنگ مشرقی علاقہ میں جاری ہے۔ طلبہ نے بتایا کہ وہ بس کے ذریعہ رومانیہ کی سرحد تک پہنچے۔ طلبہ نے بتایا کہ ان کے کئی دوست احباب ابھی بھی پھنسے ہوئے ہیں جو ہاسٹلس میں قیام پذیر ہیں۔ کئی طلبہ نے بنکرس میں پناہ لی ہے۔ واپسی کیلئے 70 تا 90 ہزار روپئے چارجس کے نتیجہ میں کئی طلبہ واپسی کے موقف میں نہیں ہیں۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے یوکرین سے پہلے بیاچ کی بحفاظت واپسی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور سرپرستوں کی جانب سے مسلسل درخواستیں مل رہی ہیں اور حکومت جلد از جلد بحفاظت واپسی کے انتظامات کرے گی۔ تلنگانہ بھون نئی دہلی کے ذرائع نے بتایا کہ تلنگانہ کے 23 طلبہ وطن واپس ہوئے۔ر