یوکرین میں پھنسے طلبہ کے والدین کا جموں میں احتجاج

   

جموں: یوکرین میں پھنسے طلبا کے والدین نے بدھ کے روز یہاں پریس کلب کے باہر جمع ہو کر اپنے بچوں کی فوری وطن واپسی کا پر زور مطالبہ کیا۔احتجاجی والدین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس اٹھا رکھے تھے جن پر ‘ہمارے بچوں کو بچاؤ’ جیسے نعرے لکھے ہوئے تھے ۔اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا کہ ہمارے بچے یوکرین میں بہت پریشان ہیں ہماری سرکار سے گذارش ہے جتنا جلدی ہوسکے ان کو واپس وطن لائیں۔انہوں نے کہا: ‘میں نے یوکرین میں پھنسی اپنی بھانجی سے بات کی تو اس نے کہا کہ انہیں کھانے پینے کی کافی قلت ہے اور ان کو دن میں صرف ایک بار کھانا دیا جاتا ہے اور پینے کے پانی کی بھی شدید قلت ہے ’۔ان کا کہنا تھا: ‘ہمارے بچے وہاں گھبرائے ہوئے ہیں ان کو روسی فوج نے چاروں طرف سے گھیر لیا ہے اور وہ وہاں محفوظ نہیں ہیں’۔ایک اور احتجاجی نے کہا کہ میرا بیٹا وہاں ایم بی بی ایس کی ڈگری کر رہا تھا ان کو سرحد کی طرف جانے کا کوئی موقع نہیں ہے ۔انہوں نے سرکار سے اپیل کی ان کے بچوں کو جتنا جلد ممکن ہوسکے وطن واپس لایا جائے ۔ادھر سرکاری ذرائع کے مطابق ضلع اودھم پور سے تعلق رکھنے والے دو طلبا منگل کے روز یوکرین سے صحیح سلامت اپنے گھرواپس لوٹے ۔بتادیں کہ جموں وکشمیر انتظامیہ یوکرین پھنسے طلبا کی وطن واپسی کے لئے کوشاں ہے ۔