یوکرین نے ایرانی ڈرونز کے خلاف کارروائیوں میں مدد دی‘ زیلنسکی

   

کیف 11 اپریل (ایجنسیز) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے پہلی مرتبہ واضح کیا کہ ان کا ملک صرف اپنی سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ بیرونِ ملک بھی اتحادیوں کو دفاعی مدد فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یوکرینی فورسز نے مختلف خطوں میں ایرانی ساختہ شاہد ڈرونز کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زیلنسکی کے مطابق یہ اقدامات کسی ایک واقعہ تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔ اس حکمت عملی کے تحت یوکرین اپنے شراکت دار ممالک کو ایسے ہتھیاروں کا مقابلہ کرنے میں مدد دے رہا ہے جو روس سے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یوکرین میں تیار جدید انٹرسپٹر ڈرونز کو ان کارروائیوں میں استعمال کیا گیا، جو میدانِ جنگ میں مؤثر ثابت ہو چکے ہیں۔ ان ڈرونز کی مدد سے دشمن کے فضائی حملوں کو روکنے میں کامیابی ملی ہے۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے باعث یوکرین کو مغربی ممالک کی عسکری امداد متاثر ہو سکتی ہے۔ تاہم زیلنسکی نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ممالک بدستور تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، خاص طور پر پیٹریاٹ میزائل نظام کیلئے ضروری وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔