کیف : یوکرین کے متعدد شہروں پر روسی فوج کے فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو چکے ہیں۔یوکرین کے وزیر خارجہ آندری سیبیہا نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے ان کے ملک کے کئی شہروں پر شدید ترین فضائی حملے کیے ہیں۔ایکس اکاؤنٹ سے ایک تحریری بیان میں ، سیبیہا نے کہا کہ روسی فوج نے صبح کے وقت شدید فضائی حملوں کے ساتھ یوکرین کے شہروں کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ روس نے پرامن شہروں، سوئے ہوئے شہریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کے خلاف ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے شدید ترین فضائی حملے کیے ہیں۔سیبیہا نے دلیل دی کہ روسی حملہ ان لوگوں کے جواب میں تھا جنہوں نے حال ہی میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو فون کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں طاقت کے ذریعے امن کی ضرورت ہے خوشنودی کے ذریعہ نہیں۔یوکرین کی فضائی کمانڈ کے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ روسی فوج نے ملک کے کئی علاقوں میں میزائل اور ڈرونز سے حملہ کیا۔حکام نے اعلان کیا کہ یوکرین کے بہت سے شہروں میں فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا گیا ہے، اور ڈنیپرو، زاپوریزیہ، کریوی رگ، خاص طور پر دارالحکومت کیف کے شہروں میں دھماکے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ میکولیف شہر پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے تھے۔ وزیر توانائی گرمان گالوشچینکو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ روس یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن یوکرین بھر میں بجلی کی پیداوار اور ترسیل کی تنصیبات پر حملہ کر رہا ہے۔گالوشچینکو نے بتایا کہ ملک میں بجلی کی بندش ہوئی ہے۔یوکرین فضائیہ کے مطابق حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔