یوگی آدتیہ ناتھ کو گرفتار کرنے کا مطالبہ

   

دہلی اسمبلی انتخابات کی مہم میں اشتعال انگیز تقاریر کا الزام
نئی دہلی ۔ /2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے آج الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ قومی دارالحکومت میں انتخابی مہم چلانے والے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ پر فور ی لگام کسے ۔ آدتیہ ناتھ یوگی کی مہم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مہم کے دور ان اشتعال انگیز تقاریر کی جارہی ہیں ۔ انہیں فوری گرفتار بھی کیا جانا چاہئیے ۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے جلسہ عام کیلئے وقت دینے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اب تک یہ وقت نہیں دیا گیا ۔ لیکن آدتیہ ناتھ کو اشتعال انگیز تقریر کی چھوٹ دی جارہی ہے ۔ ان کو فرقہ وارانہ تقاریر کی پاداش میں گرفتار کیا جانا چاہئیے ۔ آدتیہ ناتھ نے اتوار کے دن الزام عائد کیا کہ جو لوگ کشمیر میں دہشت گردوں کی تائید کررہے ہیں وہ شاہین باغ میں احتجاج کیلئے بیٹھ گئے ہیں اور آزادی کے نعرے لگارہے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی نے کہا کہ اترپردیش سے آنے والے یوگی ذہنی طور پر معذور نظر آتے ہیں ۔