یوگی کابینہ کے وزیردارا سنگھ چوہان سماج وادی پارٹی میں شامل

,

   

اترپردیش کے تیسرے وزیر باقاعدہ سائیکل پر سوار‘ غریبوں کیساتھ ناانصافی کا بی جے پی پرالزام

لکھنؤ: سوامی پرساد موریہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی جے پی کو خیر آباد کہنے والے یوگی حکومت کے سابق وزیر دارا سنگھ چوہان نے اتوار کے روز سماج وادی پارٹی (ایس پی) کا دامن تھام لیا۔ سوامی پرساد موریہ اور دھرم سنگھ سینی کے بعد دارا سنگھ یوگی حکومت کے ایسے تیسرے وزیر ہیں جو انتخابات سے عین قبل سماجوادی پارٹی میں شامل ہوئے اور سائیکل پر باقاعدہ سواری کرنے کا فیصلہ کیا ۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کی موجودگی میں آج ایس پی دفتر میں چوہان نے اپنے حامیوں کے ساتھ پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر چوہان نے بی جے پی پر غریبوں کے ساتھ ناانصافی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش میں پانچ سال میں سماج کے سبھی طبقات میں بے چینی عروج پر پہنچ گئی تو انہیں وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کرنا پڑا۔انہوں نے اسے اپنی گھر واپسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اقتدار میں آنے کے لئے اپنے نعرے کے مطابق ساتھ تو سب کا لیا لیکن یوگی حکومت میں وکاس چند لوگوں کا ہی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یوگی حکومت میں غریب عوام کو اناج۔راشن دے کر غلام بنانے کی سازش جاری ہے۔چوہان نے کہا کہ ریاست کے لوگ اب خود کو ٹھگنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو آج اپنی فصل کی رکھوالی کے لئے پوس کی رات میں کھیت پر سونا پڑرہا ہے۔ ریزرویشن نظم کو ختم کر کے آئین کو ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔چوہان نے کہا کہ لوگ اب 10 مارچ کا انتظار کررہے ہیں جب وہ اکھلیش یادو کو وزیر اعلی بنتے دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں ہم پانچ سال تک انتظار کرتے رہے کہ دلت اور پسماندہ طبقات کا بھروسہ قائم ہوگا جب پوری ریاست میں عوام کے درمیان بے چینی اپنی انتہا کو پہنچ گئی تو انہیں بی جے پی کو چھوڑنا ہی پڑا۔