نیویارک :وزیر خارجہ ایس جے شنکرنے کہا کہ ہندوستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل رکن کے طور پر نہ بیٹھنا صرف ہمارے لئے اچھا نہیں ہے بلکہ عالمی ادارے کے لئے بھی اچھا نہیں ہے۔ وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ ہندوستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے میں کتنا وقت لگے گا؟ جے شنکر کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر اور نیتی آیوگ کے سابق وائس چیئرمین اروند پناگریہ کے ساتھ کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز کے راج سینٹر میں اس ضمن میں گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ چند سال میں ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا، یہ دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا معاشرہ ہوگا۔ جے شنکر نے کہا کہ ایسے ملک کا کلیدی عالمی کونسلوں میں نہ ہونا ظاہر ہے، یہ نہ صرف ہمارے لیے اچھا نہیں ہے، لیکن میں یہ بھی کہوں گا کہ یہ عالمی کونسل کے لیے بھی اچھا نہیں ہے۔