یو اے ای میں ہندوستانی شہریوں کی آمد پر پابندی برقرار

   

دبئی: یو اے ای کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کردیا ہیکہ ہندوستان، جنوبی افریقہ اور نائیجیریا کے شہریوں کی داخلے پر پابندی نہیں ہٹادی گئی۔دبئی کی جانب سے غیر ملکیوں کی آمد سے متعلق پابندیوں میں نرمی کے بعد یو اے ای کی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے ہندوستان اور دیگر ممالک کے حوالے سے بیان جاری کردیا ہے ۔ یو اے ای میں دبئی کاروبار اور سیاحت کا مرکز ہے اور 7ریاستوں میں سب سے گنجان ہے اور کوویڈ کے باعث ساتوں ریاستوں نے اپنے طور پر کوویڈ۔19 کے حوالے سے پالیسیاں بنائی ہیں۔یو اے ای کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹس کے ذریعہ 21 جون کو کیے گئے فیصلے کا حوالہ دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ پاکستان سمیت 13 ممالک سے شہریوں کی آمد پرکورونا کے باعث پابندی ہوگی۔ پالیسی میں تبدیلیوں کے تحت ہندوستان اور جنوبی افریقہ میں کورونا کے خلاف مکمل طورویکسین لگوانے والے افراد اور نائجیریا کے وہ شہری جن کا پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران کورونا ٹسٹ منفی آیا ہو، ان کو متحدہ عرب امارات میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
جی سی اے اے کے نمائندے کا کہنا تھا کہ ہندوستان سے آنے والے افراد کی متحدہ عرب امارات میں داخلے پر پابندی بدستور برقرار ہے لیکن یہ بیان حکومت دبئی کی جانب سے پہلے کیے گئے اعلان کے برخلاف ہے ۔دبئی کی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے درخواست کے باوجود کوئی بیان نہیں دیا گیا۔ایمریٹس ایئر لائن نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان سے پروازایں 7 جولائی سے دستیاب ہوں گی لیکن خبردار بھی کیا کہ اس میں تبدیلی ہوسکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم پروازیں شروع کرنے سے پہلے سفری قواعد اور گائیڈ لائنز کا انتظار کر رہے ہیں۔دبئی نے جولائی 2020 میں اپنی سرحد غیرملکی سیاحوں کے لیے کھول دیا تھا جبکہ ابوظہبی میں اکثر ممالک سے آنے والے سیاحوں کو قرنطینہ لازمی ہے ۔ہندوستان سے آنے والے افراد کی متحدہ عرب امارات میں پابندی رواں برس اپریل میں ہندوستان میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے بدترین حالات کے بعد عائد کی گئی تھی۔متحدہ عرب امارات کے حکام نے صرف اپنے شہریوں، سفارت کاروں جیسے مخصوص افراد کو اس پابندی سے استثنیٰ دے دیا تھا۔واضح رہے متحدہ عرب امارات میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد مقیم ہے اور سیاحت کا بھی بڑا ذریعہ ہیں