یو اے ای کے وزیر خارجہ کی بشارالاسد سے ملاقات

   

بیروت: متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے دمشق میں شام کے صدر بشارالاسد سے ملاقات کی، جو اسد اور امریکہ کی اتحادی عرب ریاست کے درمیان تعلقات میں بہتری کی علامت ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد رواں دہائی میں شام کا دورہ کرنے والے سب سے سینئر اماراتی عہدیدار ہیں۔ادھر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں اس ملاقات کی رپورٹس اور اس سے ملنے والے اشارے پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’امریکی انتظامیہ بشارالاسد سے تعلقات بحال کرنے کے اقدامات کی کوششوں کے لیے کسی قسم کی حمایت کا اظہار نہیں کرے گی، جو ایک سفاک آمر ہیں‘۔شامی ایوان صدر کے ایک بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے اماراتی حکام کے ایک وفد کی قیادت کی جس نے شامی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔بیان میں کہا گیا کہ شرکا نے اس تعاون کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا تاکہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی شراکت داری کو مضبوط کیا جاسکے۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وام‘ نے کہا کہ شیخ عبداللہ نے بشارالاسد کے ساتھ اپنی ملاقات میں ’شام کی سلامتی، استحکام اور اتحاد پر متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی‘ پر زور دیا۔انہوں نے شام کے بحران کے خاتمے، ملک میں استحکام اور برادر شامی عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کے لیے متحدہ عرب امارات کی حمایت پر بھی زور دیا۔