یو جی سی۔نیٹ سمیت تین امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان

,

   

نئی دہلی: نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے این سی ای ٹی، جوائنٹ سی ایس آئی آر۔یو جی سی نیٹ اور یو جی سی۔نیٹ جون 2024 کے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سے قبل یہ امتحانات ناگزیر حالات کی وجہ سے ملتوی یا منسوخ کر دیے گئے تھے۔ جون کا یو جی سی۔نیٹ امتحان پہلے 18 جون کو ہوا تھا لیکن اگلے ہی دن اسے منسوخ کر دیا گیا تھا۔این ٹی اے نے جمعہ کی رات جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں اعلان کیا کہ این سی ای ٹی 2024 اب 10 جولائی کو منعقد کیا جائے گا۔ اسی طرح مشترکہ سی ایس آئی آر۔یو جی سی نیٹ کا انعقاد 25تا27 جولائی کیا جائے گا جبکہ یو جی سی۔نیٹ جون 2024 سلسلہ کا امتحان 21 اگست سے 4 ستمبر تک منعقد کیا جائے گا۔این ٹی اے کے نوٹیفکیشن میں امیدواروں کو مزید معلومات کیلئے اس کی سرکاری ویب سائٹ www.nta.ac.in پر ویزٹ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ آل انڈیا آیوش پوسٹ گریجویٹ داخلہ امتحان 2024 اس کے شیڈول کے مطابق 6 جولائی کو ہی منعقد کیا جائے گا۔