یو پی ایس سی کی ایک سیٹ پر عائشہ نام کی دو لڑکیوں کا دعویٰ!

,

   

دونوں کا رول نمبر بھی ایک !دونوں گھروں میں جشن کا ماحول؟

بھوپال: مدھیہ پردیش سے یو پی ایس سی امتحان کے نتائج کے حوالہ سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عائشہ نام کی دو لڑکیوں نے ایک ہی رول نمبر پر امتحان دیا، پھر انٹرویو دیا اور اب ان دونوں کا 184ویں رینک پر سلیکشن ہو گیا ہے۔ دونوں کے خاندان جشن بھی منا رہے ہیں۔ یو پی ایس سی نے منگل کو نتائج کا اعلان کیا ہے۔ عائشہ نام کی دونوں لڑکیوں میں سے کس کا دعویٰ درست ہے یہ تو بعد میں ہی معلوم ہو گا، فی الحال میڈیا میں یہ معاملہ شہ سرخیوں میں ہے۔یو پی ایس سی کا نتیجہ جاری ہونے پر 184ویں مقام پر عائشہ فاطمہ کا نام نظر آیا، جس کے بعد دونوں عائشاؤں کے گھروں میں جشن منایا جانے لگا۔ ایک کا تعلق دیواس سے ہے، جبکہ دوسری کا تعلق علی راج پور سے ہے۔ دونوں کا رول نمبر ایک ہونے کی وجہ سے صورت حال واضح نہیں ہو پا رہی ہے۔ اجازت نامہ پر دونوں کا رول نمبر 7811744 درج ہے۔ دونوں امیدواروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسی رول نمبر پر انٹرویو دیا تھا۔علی راج پور کی عائشہ مکرانی کے بھائی شہباز الدین مکرانی کا دعویٰ ہے کہ ان کی بہن نے کافی محنت کی تھی وہ اس معاملہ کو لے کر عدالت تک جائیں گے۔وہیں دیواس کی عائشہ فاطمہ کے والد نذیر الدین نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی کا ہی سلیکشن ہوا ہے اور یو پی ایس سی ایسی غلطی کبھی نہیں کر سکتا۔ مجھے لگتا ہے کہ دوسری عائشہ کے ساتھ کچھ گڑبڑی ہوئی ہے۔‘‘معاملہ تحقیقات کے بعد واضح ہوگا لیکن فی الحال دونوں خاندان جشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یو پی ایس سی جیسے امتحان میں دو امیدواروں کو ایک رول نمبر جاری کرنا ناممکن ہے اور ممکن ہے کہ ایک رول نمبر فرضی نکلے۔