یو پی: باحجاب طالبات کو امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

   

نئی دہلی / جونپور اتر پردیش کے جونپور ضلع میں ایک امتحان مرکڑ پر مسلم طالبات کو مبینہ طور پر حجاب کی وجہ سے داخلے سے روکنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔سروودے انٹر کالج، کھدولی میں ہائی اسکول کے امتحان میں شرکت کے لیے پہنچی چار مسلم طالبات کو حجاب پہننے کی وجہ سے امتحان دینے کی اجازت نہیں دی گئی۔یہ امتحانی مرکز ماڈرن کانوینٹ اسکول سمیت کئی دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کیلئے مختص تھا۔ متاثرہ طالبات کا کہنا ہے کہ وہ پیر کے روز ہندی کا امتحان دینے پہنچی تھیں لیکن چیکنگ پوائنٹ پر موجود عملے نے انہیں حجاب کے ساتھ اندر جانے سے روک دیا۔اس واقعے کے بعد جب یہ چاروں طالبات امتحان دیے بغیر واپس لوٹیں تو انہیں دیکھ کر چھ دیگر مسلم طالبات نے بھی احتجاجاً امتحان چھوڑ دیا۔ طالبات نے بتایا کہ ان کے ساتھ بدتمیزی سے بات کی گئی اور وہ اپنا چہرہ دکھانے کیلئے تیار تھیں لیکن انھیں حجاب اتارنے کو کہا گیا۔تاہم کالج انتظامیہ نے ایسے کسی بھی واقعے سے انکار کیا ہے اور طالبات کے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا ہے۔ ماڈرن کانوینٹ اسکول کے پرنسپل نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کی اپنی پوتی نے بھی حجاب میں امتحان دیا تھا اور اسے کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔