یو پی کے برہما کماری آشرم میں 2 بہنوں کی خودکشی

   

آگرہ: اتر پردیش کے آگرہ میں برہما کماری کے آشرم میں مقیم دو بہنوں نے جمعہ کی رات خودکشی کر لی۔ بہنوں نے اپنے پیچھے خود کشی نوٹ چھوڑے تھے جس میں انہوں نے آشرم کے ملازم سمیت چار لوگوں کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔ دونوں کی نعشیں ایک ہی کمرے میں مختلف پھندوں سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔ نعشوں کے درمیان 4 سے 5 فٹ کا فاصلہ ہے۔ خودکشی کرنے سے پہلے دونوں بہنوں نے خودکشی نوٹ بھی لکھا۔ایک نے 3 صفحات کا نوٹ لکھا جب کہ دوسری نے 1 صفحہ کا نوٹ لکھا۔ اسے واٹس ایپ پر برہما کماری کے گروپ اور خاندان کے افراد کو بھیجا۔ تاہم جب تک اہل خانہ اور تنظیم کے لوگ موقع پر پہنچے دونوں کی موت ہوچکی تھی۔خودکشی کرنے والی دو بہنوں کے نام ایکتا اور شیکھا ہیں۔ ان دونوں نے 15 سال قبل برہما کماری آشرم سے روحانی تعلیم حاصل کرنے کے لئے دکھشا لی تھی۔ خودکشی نوٹ میں اس نے آشرم سے وابستہ ایک خاتون سمیت چار ملازمین پر غیر اخلاقی سرگرمیوں اور رقم غبن کا الزام لگایا گیا ہے۔