گاؤکشی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ، یوگاگرو بابا رام دیو کا بیان
نئی دہلی ۔ 20 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کی نریندر مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت نے اپنے منصوبوں کو روبہ عمل لاتے ہوئے طلاق ثلاثہ بل، کشمیر سے آرٹیکل 370 کی برخاستگی اور رام مندر کی تعمیر کیلئے سپریم کورٹ کے ذریعہ راہ ہموار کرنے کے بعد اب یکساں سیول کوڈ لانے کیلئے زور دیا جارہا ہے۔ یوگا گرو بابارام دیو نے مودی حکومت پر زور دیا ہیکہ یکساں سیول کوڈ لایا جائے۔ گاؤکشی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر معاشرہ کو یکساں نوعیت کا بنانے کیلئے یونیفارم سیول کوڈ لانا ضروری ہے۔ مرکز پر دباؤ بنانے کے مقصد سے انہوں نے ایک مہم شروع کی ہے۔ عوام میں بیداری پیدا کرتے ہوئے یکساں سیول کوڈ کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ دستور کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے خود بھی یونیفارم سیول کوڈ کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ ہندوستان کو متحد رکھنے کیلئے ضروری ہیکہ یکساں سیول کوڈ لایا جائے۔ آئندہ 50 سال میں ملک کی آبادی 150 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی۔ سوال یہ ہوتا ہیکہ ہندوستان کثیر آبادی والے ملک کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے تیار ہوگا۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ سخت قانون بناتے ہوئے آبادی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو گاؤکشی ترک کرکے اس عمل کی مخالفت کرنی چاہئے۔