حیدرآباد ۔ 9 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کے عہدیداروں کے اب یکم ؍ اگست سے نئے موبائیل فون نمبرس ہوں گے کیونکہ انہوں نے سرویس پروائیڈر میں تبدیلی کرتے ہوئے بی ایس این ایل سے ایرٹیل کا انتخاب کیا ہے۔ یہ نئے موبائیل نمبرس یکم ؍ اگست 2022ء سے کام کریں گے۔ اس کی جو وجوہات بتائی گئی ہیں وہ یہ ہیکہ موجودہ سرویس پروائیڈر موجودہ ضرورت کے مطابق اپ ڈیٹیڈ نہیں ہے اور ناقص نیٹ ورک، بار بار کال ڈراپس، کنکشن کے مسائل اور بہت خراب موبائیل ڈیٹا کی وجہ اس کی کارکردگی پر مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ان مسائل کے بارے میں سرویس پروائیڈر کو بتانے کے باوجود سرویس میں کوئی بہتری نہیں ہوئی۔ نیز موجودہ سرویس پروائیڈر کے چارجس کی شرحیں حیدرآباد سٹی میں آوٹ ڈیٹیڈ 3G سرویس کیلئے دوسرے ٹیلی کام پروائیڈرس کے مقابلہ بہت زیادہ ہیں جو 4G فراہم کررہے ہیں اور کئی وئیلیو۔ ایڈیڈ سرویسیس کے ساتھ 5G اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی ایک ریلیز میں یہ بات کہی گئی۔ کئی یونٹ آفیسرس نے بھی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) مہندرا ریڈی کو موجودہ سرویس پروائیڈر کی کنیکٹیویٹی کے بارے میں عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان تمام مواصلاتی مسائل پر غور کرنے کے بعد تلنگانہ پولیس نے ایرٹیل کا انتخاب کرتے ہوئے اس کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ حیدرآباد کیلئے نئی سیریز ہوں گی۔ 87126-60-XXX اور 87126-61-XXX آخری تین ہندسوں کو عام لوگوں کی سہولت اور پہچاننے میں آسانی کیلئے منطقی انداز میں ترتیب دیا گیا ہے۔ عوام کی سہولت کیلئے تمام عہدیداروں کے موجودہ نمبرات ایک ماہ تک برقرار رہیں گے۔