یکم اکتوبر سے بغیر آدھار بائیو میٹرک کے سبسیڈی والا گیس سلنڈرنہیں ملے گا

   

مارکٹ قیمت پر خریدنے ہوں گے 5 اور 10 کیلو گیس سلنڈر
حیدرآباد۔ 23 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے گھریلو ایل پی جی گیس صارفین کے لئے آدھار بائیو میٹرک تصدیق کے حوالے سے سخت اور اہم فیصلہ کیا ہے۔ یکم اکتوبر 2026 سے جن گھریلو صارفین نے اپنے گیس کنکشن کی آدھار بائیو میٹرک تصدیق (BAA) مکمل نہیں کی ہے۔ انہیں 14.2 کیلو گرام کا سبسیڈی والا گیس سلنڈر فراہم کرنے اور اس کی ری فل بکنگ کرنے کی سہولت مکمل طور پر روک دی جائے گی۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے سے گیس کنکشن منسوخ یا مکمل بند نہیں ہوگا بلکہ جب تک صارف بائیو میٹرک پروسیس مکمل نہیں کرتا تب تک اسے سبسیڈی والے 14.2 کیلو کے سلنڈر کی بکنگ کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم انتہائی ضرورت کی صورت میں صارفین بائیو میٹرک مکمل ہونے تک 5 کیلو گرام یا 10 کیلو گرام کے سلنڈر مارکٹ قیمت (غیر سبسیڈی قیمت) پر خرید سکتے ہیں۔ جیسے ہی صارف BAA کا عمل مکمل کرلے گا۔ اسے فوری 14.2 کیلو کے سبسیڈی والے سلنڈر کی بکنگ کی سہولت دوبارہ بحال کردی جائے گی۔ مرکزی حکومت نے ابتداء میں بائیو میٹرک تصدیق کی آخری تاریخ 30 جون مقرر کی تھی جس کے بعد اس میں کئی بار توسیع کی گئی اور آخری تاریخ 14 ستمبر طے کی گئی تھی۔ تاہم مہلت ختم ہونے کے باوجود BAA کرانے کی سہولت مکمل ختم نہیں کی گئی۔ ابھی بھی زیر التواء صارفین کو اس سہولت سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں جملہ 1.26 کروڑ گھریلو ایل پی جی کنکشنس موجود ہیں جن میں سے 14 ستمبر تک 88 فیصد صارفین نے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ ملک بھر میں 19 ستمبر تک 27.43 کروڑ (89.9 فیصد) صارفین نے BAA کی تصدیق مکمل کرلی ہے۔ جن صارفین نے ابھی تک یہ عمل مکمل نہیں کیا ہے وہ آخری تاریخ اور پریشانی سے بچنے کے لئے 3 طریقوں میں سے کسی ایک کا استعمال کرکے فوری تصدیق کرواسکتے ہیں۔ گیس سلنڈر کی ہوم ڈیلیوری کے وقت ڈیلیوری عملے کے پاس موجود آلے کے ذریعہ یا اپنے متعلقہ گیس ڈسٹری بیوٹر کے دفتر جاکر بائیو میٹرک درج کرواسکتے ہیں یا پھر (Indane) بھارت گیس اور (HP Gas) کی افیشل موبائل ایپس پر دستیاب ڈیجیٹل فیس ریڈنگ؍ بائیو میٹرک چیلنس کے ذریعہ گھر بیٹھے BAA عمل مکمل کرسکتے ہیں۔ 2؍F