یہ الیکشن بھائی چارہ بمقابلہ بی جے پی :اکھلیش

   

شاملی : سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے چہارشنبہ کو کہا کہ اترپردیش کا موجود اسمبلی انتخابات بھائی چارہ بمقابلہ بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) ہونگے ۔ بی جے پی لوگوں کو ڈرا کر الیکشن جیتنا چاہتی ہے جو اب ممکن نہیں ہے وہیں آر ایل ڈی سربراہ جینت چودھری نے ’جناح ہارے گا۔ گنا جیتے گا‘ کا نعرہ دیا۔راشٹریہ لوک دل(آر ایل ڈی) کے صدر جینت چودھری کے ساتھ شاملی میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے کہاکہ یہ الیکشن بھائی چارہ بمقابلہ بی جے پی ہے ۔اب عوام منفی سیاست کو خیربا دکہنا چاہ رہے ہیں۔وہ منفی ذہن کے ساتھ منفی سیاست کرنے والوں کو بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ایس پی سربراہ نے کہا کہ عوام کے ذریعہ جس طرح سے بی جے پی اور بی جے پی کے لیڈروں کو رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے اس طرح سے کسی دوسرے لیڈر کو بے عزت نہیں ہونا پڑا ہے ۔متعدد مقامات سے ایسی رپورٹیں موصول ہورہی ہیں کہ بی جے پی لیڈر کو فلاں مقام پر عوام کی ناراضگی و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔منگل کو پارلیمنٹ میں پیش کئے گئے عام بجٹ پر اکھلیش نے طنز کستے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے لوگ اس بجٹ کو ’امرت کال‘کا بجٹ قرار دے رہے ہیں۔وہ لوگ اسے امرت بجٹ قرار دے رہے ہیں۔کیا سابقہ بجٹ زہر تھے ؟بی جے پی کے لوگ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے لفظوں سے کھیل کر عوام کو گمراہ کر لے جائیں گے ۔اکھلیش نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بجٹ میں ہیروں کو سستا کیا ہے ۔