۔15 تا 18 سال کے بچوں کی ٹیکہ کاری مہم کا آج آغاز

,

   

نئی دہلی : ملک میں 15 تا 18 سال کے بچوں کی ٹیکہ کاری کا 3 جنوری سے آغاز ہورہا ہے تاکہ انہیں کورونا وائرس کی وبا سے بچایا جاسکے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 25 ڈسمبر کو قوم سے اپنے مختصر خطاب میں اس کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا تھا 10 جنوری سے ہیلتھ ورکرس، فرنٹ لائن وائریرس اور 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو احتیاطی ٹیکہ بھی دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے 15 سے 18 عمر کے بچوں کی ٹیکہ کاری کیلئے علحدہ کوویڈ ویکسینیشن سنٹرس قائم کرنے کا ریاستوں کو مشورہ دیا۔ منگل کو مرکزی وزارت صحت کے سکریٹری نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ورکشاپ کی صدارت کی جس میں بچوں کی ٹیکہ کاری کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ مرکزی حکومت نے ہفتہ یکم ؍ جنوری سے CoWin ایپ کے ذریعہ 15 تا 18 سال کے بچوں کے رجسٹریشن کا آغاز کیا۔ ان کیلئے صرف اپنے شناختی کارڈ کے ذریعہ رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔ ایپ کے سربراہ ڈاکٹر آر ایس شرما نے قبل ازیں بتایا کہ آدھار کے علاوہ دیگر قومی شناختی کارڈس اور دسویں جماعت کا شناختی کارڈ بھی رجسٹریشن کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ہفتہ کو ایک دن میں تین لاکھ سے زیادہ بچوں کا رجسٹریشن ہوا ۔