۔30 اضلاع میں ایک ماہ کے دوران کورونا کیسوں میں بھاری اضافہ

,

   

شہر سے منتقل ہونے والے ورکرس سے دیہی علاقوں میں کووڈ ۔19 کا تیزی سے پھیلاؤ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں محکمہ صحت کے حکام کو اضلاع میں تیزی سے وائرس کے پھیلنے پر تشویش لاحق ہے کیونکہ گریٹر حیدرآباد پر محکمہ صحت نے خصوصی توجہ مرکوز کی تھی کیونکہ زیادہ تر اضلاع کورونا سے محفوظ تصور کئے جارہے تھے۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران صورتحال اچانک تبدیل ہوگئی اور ریاست کے تقریباً 30 اضلاع کورونا کی لپیٹ میں آگئے ان میں سے 10 اضلاع ایسے ہیں جہاں صورتحال تشویش کا باعث بنی ہے۔ ایک ماہ قبل کورونا کیس حیدرآباد اور نواحی علاقوں تک محدود تھے لیکن اب پازیٹیو کیس نہ صرف اضلاع میں پھیل چکے ہیں بلکہ ضلع ہیڈکوارٹرس ‘ ٹاؤنس اور سیمی اربن ٹاؤنس میں کورونا واقعات میں اضافہ ہوا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ حیدرآباد سے مائیگرنٹ ورکرس اور لیبرس کی آبائی مقامات واپسی کے نتیجہ میں دیہات اور ٹاون کورونا سے متاثر ہوئے۔ اضلاع میں کورونا کیسس کی اہم وجہ حیدرآباد سے مزدوروں کی منتقلی بتائی جارہی ہے۔ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گریٹر حیدرآباد سے زیادہ کیس اضلاع میں پائے گئے ۔ رنگاریڈی ، میڑچل اور سنگاریڈی میں پازیٹیو کیسوں میں تیزرفتار اضافہ تشویش کا باعث ہے۔

کھمم، کاماریڈی، ورنگل اربن، ورنگل رورل، کریم نگر، پداپلی، میدک، نلگنڈہ، نظام آباد، ونپرتی اور سوریہ پیٹ میں پازیٹیو کیسس کی بڑھتی تعداد نے ضلع حکام کی نیند حرام کردی ہے۔ ابتداء میں جون تک کیسس گریٹر حیدرآباد اور نواحی علاقوں تک محدود رہے لیکن گذشتہ ایک ماہ میں بتدریج اضلاع میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پچاس فیصد سے زائد کیس اضلاع میں درج کئے جارہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ماہ میں کورونا کیس مزید بڑھ سکتے ہیں اور یہ دیہاتوں تک پہنچ جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ دو محکمہ صحت اور ہاسپٹلس کیلئے کسی چیلنج سے کم نہیں رہیں گے۔ مائیگرنٹ ورکرس کی منتقلی اور آئی ٹی ملازمین کی شہروں اور ٹاونس واپسی نے وائرس پھیلنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ اگر وائرس دیہی علاقوں تک پھیلتا ہے تو حکام کو دیہی علاقوں سے مریضوں کو ہیڈ کوارٹر منتقل کرنے میں دشواری ہوسکتی ہے۔ دیہی علاقوں میں عوام میں شعور بیداری کی مہم جاری ہے جس کے نتیجہ میں کئی دیہاتوں میں متفقہ طور پر بیرونی افراد کو داخل ہونے سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مائیگرنٹ ورکرس ہوں یا کسی کے رشتہ دار، کسی کو گاؤں میں قیام کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

کورونا: میڈیا بلیٹن کی عدم اجرائی
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے نئے پازیٹیو کیسوں سے متعلق میڈیا بلیٹن کی آج ہفتے کو اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ بلیٹن اب اتوار کی صبح نئے فارمیٹ میں جاری کیا جائیگا ۔ جس وقت سے کورونا کی وباء پھیلی ہوئی ہے ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے ہر روز میڈیا بلیٹن جاری کرتے ہوئے متاثرین ‘ اموات اور صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تفصیل بتائی جارہی تھی ۔