۔6 مہینے میں ایک لاکھ نوکریاں، 5 ہزار روپے مہینہ بیروزگاری بھتہ

   

اتراکھنڈ میں کجریوال کے وعدوں کی بوچھار‘انتخابی مہم کا عملاً آغاز

دہرہ دون: دہلی کے چیف منسٹر اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے روز ہلدوانی کا انتخابی دورہ کیا اور اتراکھنڈ کے عوام سے بے شمار وعدے کئے۔ اس دوران کجریوال نے کہا کہ اگر ریاست میں عام آدمی پارٹی کی حکومت قائم ہوتی ہے تو ہر گھر میں روزگار کو یقینی بنایا جائے گا۔ حکومت قائم ہونے کے 6 مہینے کے اندر ایک لاکھ نوکریاں دی جائیں گی۔ روزگار ملنے تک ہر مہینے 5 ہزار روپے کا بھتہ دیا جائے گا۔ نوکریوں میں اتراکھنڈ کے شہریوں کو 80 فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔ہلدوانی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے کہا کہ اتراکھنڈ کے قیام کو 21 سال ہوچکے ہیں اور ان 21 برسوں میں سیاسی جماعتوں نے اتراکھنڈ کا براحال کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی۔ پہاڑ، جنگل سب لوٹ لئے گئے۔ گزشتہ کچھ دنوں اور مہینوں سے 21 برسوں کی ابتر حالت کو 21 مہینوں میں ٹھیک کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا اتراکھنڈ کے لوگوں کے ساتھ مل کر انہوں نے کئی منصوبے بنائے ہیں۔ پہلا منصوبہ بجلی کے حوالہ سے ہے۔ جیسے ہم نے دہلی میں کر دکھایا کہ تقریباً 73 فیصد لوگوں کو مفت بجلی مل رہی ہے۔ ایسے ہی اتراکھنڈ میں 24 گھنٹے 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔کجریوال نے کہا، ’’آج اتراکھنڈ میں نوجوانوں کے درد کے بارے میں بات کرنے آیا ہوں۔ اتراکھنڈ کے نوجوان کو جب بھی موقع ملا انہوں نے غضب کا کام کرکے دکھایا، لیکن گزشتہ 24 برسوں میں حکومتوں نے اتراکھنڈ کا برا حال کر دیا ویسا ہی برا حال نوجوانوں کا ہے۔ آج اتراکھنڈ کے نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ نقل مکانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج اتراکھنڈ کے نوجوان بہت زیادہ دکھی ہیں۔ ہر نوجوان کو روزگار چاہیے، وہ بھیک نہیں مانگ رہے بلکہ یہ ان کا حق ہے۔ اگر آپ بی جے پی کو ووٹ دیں گے تو ہر مہینے ایک نیا وزیر اعلیٰ ملے گا جبکہ اگر آپ عام آدمی پارٹی کو ووٹ دیں گے تو 5 سال کیلئے مستقل وزیر اعلیٰ ملے گا، جو آپ کے بچوں کو روزگار فراہم کرے گا‘‘۔