۔600داعش ارکان گرفتار:طالبان کا دعویٰ

   

کابل :طالبان نے کہا ہے کہ وسط اگست میں افغانستان میں اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک داعش سے منسلک مقامی دھڑوں کے 600 کے قریب ارکان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جو دولت اسلامیہ خراسان صوبے کے نام سے جانے جاتے ہیں۔افغانستان کی انٹیلیجنس ڈائرکٹوریٹ کے ترجمان نے بدھ کے روز کابل میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ گرفتار شدگان میں داعش خراسان کے کئی اعلیٰ کمانڈرز بھی شامل ہیں۔ طالبان حکومت کے خفیہ ادارے میں بطور ترجمان خلیل ہمراز نو وارد ہیں۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ داعش سے تعلق رکھنے والے ان لوگوں کو سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ جیل میں رکھا گیا ہے۔ ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اس گروپ کے خلاف جاری کارروائیوں میں تقریباً 40 عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ہمراز نے سابقہ افغان حکومت پر الزام لگایا کہ اگست میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے سے ذرا پہلے انہوں نے داعش خراسان کے تقریباً 1800 عسکریت پسندوں اور لاتعداد مجرمان کو قیدخانوں سے رہا کر دیا تھا۔