10 منحرف بی آر ایس ارکان کے خلاف سپریم کورٹ میں آج اہم سماعت

   

انسدادِ انحراف قانون کے تحت کے ٹی آر کی درخواست
حیدرآباد۔/9 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے 10 منحرف ارکان کے خلاف بی آر ایس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر کل 10 فروری کو سپریم کورٹ میں اہم سماعت مقرر ہے۔ بی آر ایس سے منتخب ہوکر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے 10 ارکان اسمبلی کے خلاف انسداد انحراف قانون کے تحت کارروائی کی اپیل کرتے ہوئے کے ٹی آر اور دوسروں نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ درخواست گذاروں نے اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کی جانب سے ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود کارروائی نہ کرنے کی شکایت کی ہے۔ جسٹس بی آر گوائی کی زیر قیادت بنچ نے گذشتہ سماعت کے موقع پر اسپیکر کے رویہ پر ناراضگی جتائی تھی اور سوال کیا تھا کہ کارروائی کیلئے کتنا وقت چاہیئے۔ عدالت نے منحرف ارکان کو نوٹس جاری نہ کرنے پر بھی اعتراض جتایا تھا۔ گذشتہ سماعت کے بعد سکریٹری لیجسلیچر نے دس منحرف ارکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کی ہے۔ جن ارکان کو نوٹس جاری کی گئی ان میں ڈی ناگیندر، ٹی وینکٹ راؤ، کے سری ہری، پوچارم سرینواس ریڈی، بی کرشنا موہن ریڈی، کے یادیا، پرکاش گوڑ، اے گاندھی، جی مہیپال ریڈی اور این سنجے کمار شامل ہیں۔ سپریم کورٹ میں پیر کو ہونے والی سماعت پر ہر کسی کی نظر ہے۔1