100 فیصد رائے دہی دینی ذمہ داری ، غفلت و کوتاہی نقصاندہ

   

اسلام میں زندگی کے تمام شعبوں میں کامل رہنمائی ، کریم نگر میں اصلاحی نشست ، مفتی نیاز احمد ندوی کا فکرانگیز خطاب

کریم نگر ۔16 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مدرسہ اسلامیہ افضل العلوم محلہ سواران میں جمعیۃٖ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام اصلاحی نشست وعید ملاپ تقریب کا انعقادعمل میں آیا۔اجلاس کی صدارت محترم حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب صدر قاضی وصدر جمعیۃٖ الحفاظ کریم نگر نے انجام دی۔مہمان خصوصی کے طورپر ملک وعالم اسلام کی عظیم دینی درس گاہ ندوۃ العلما ء لکھنو کے شیخ الحدیث وصدر شعبہ افتاء حضرت مولانا مفتی نیاز احمد صاحب ندوی نے شرکت کی اور اپنے قیمتی علمی خطاب سے مستفید فرمایا۔ مفتی صاحب نے اپنے خطاب میں دین اسلام کی جامعیت اور تعلیمات ِ اسلام کی خصوصیات پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ اسلام نے زندگی کے تمام شعبوں میں کامل رہنمائی فرمائی ہے۔اسلام صرف عقائد وعبادات ہی کے مجموعہ کانام نہیں ہے،بلکہ معاملات ،معاشرت بھی اس کے اہم شعبے ہیں ،صاحب ِ ہدایہ نے چار جلدوں میں ہدایہ مرتب فرمائی،پہلی جلد عبادات پر مشتمل ہے،باقی جلدوں میں معاملات کے مسائل واحکام کو بیان فرمایا۔اسلام پوری زندگی میں نافذ کرنے اور پورے ماحول ومعاشرہ کو اس کے خوبصورت رنگ میں رنگنے کے لئے اللہ تعالی نے عطا فرمایا ہے۔ دنیا میں باطل کو جو چیز سب سے زیادہ ناپسند ہے وہ اسلامی نظام ِ زندگی ہے،وہ عقائد وعبادات کے معاملہ میں کسی طرح کی رخنہ اندازی نہیں کریں گے،لیکن وہ اسلامی طرز ِ زندگی پر عمل پیر اہوتا نہیں دیکھ سکتے۔نبی کریم ﷺ کی حیات ِ طیبہ انسانیت کے لئے نہایت دلکش وحسین نمونہ واسوہ ہے۔آخر میں آپ نے ایک اہم ترین امر کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ 1952 ء کے بعد سے اب 2024 ء کا الیکشن بہت اہم ہے،اس سلسلہ میں ہمیں تین کاموں کی طرف بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے،اور یہ کام ایک دینی ذمہ داری سمجھ کر انجام دینا ہے۔ (۱) پہلا کام :ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندارج۔(۲) دوسراکام:صحیح نمائندہ کے لئے خاموش کوشش ومحنت کرنے کی ضرورت ہے۔(۳) تیسراکام:ووٹنگ کے دن سو فیصد رائے دہی ،اپنا،گھر والوں کا اور اہل محلہ میں ہر ایک کا ووٹ استعمال ہونا ضرور ی ہے۔اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت نہ کریں ،اس وقت اس کام کو دین کا کام سمجھ کر کریں۔اسی طرح جن اعمال پر سہولت کے ساتھ عمل کرنا ممکن ہواس کو کرنے میں بھی کوتاہی نہ کریں ورنہ اعمال انجام دینے کے مواقع بھی ختم ہوجائیں گے۔ جیسے اس کی ایک مثال یہ ہے کہ دو سال قبل تک ٹرین میں اور اسٹیشن پر بہ آسانی نماز اداکرسکتے تھے ،لیکن اس کے باوجود بھی ہماری بڑ ی تعداد نے اس کی قدر نہیں کی اور اس پر عمل پیرا نہیں ہوئے،اب صور ت حال بدل گئی ہے، اس لئے جو اعمال انجام دینے کی طاقت اور سہولت ہو اس کو انجام دیں ،اس میں کوتاہی ہمارے لئے نقصاندہ ہے۔اجلاس کی کاروائی حافظ محمدوسیم الدین معتمد جمعیۃٖ الحفاظ نے چلائی۔ مہمان خصوصی کے خطاب سے قبل دیہات کے چند ائمہ کرام نے عید ملاپ تقریب جو دیہاتوں میں جمعیۃٖ الحفاظ کی جانب سے منعقد ہوئی اس کے تاثرات پیش کئے، برادران وطن نے اس کے انعقاد سے خوشی ومسرت کا اظہار کیا۔ یقینا ان حالات میں اس طرح کے پروگرام اور بالخصوص برادران وطن میں اس طرح کی تقاریب کا انعقاد ضروری ہے تاکہ نفرت کے ماحول کو ختم کرنے میں مددگار ہوں۔ اس اصلاحی وعید ملاپ نشست میں ذمہ داران جمعیۃٖ الحفاظ کے علاوہ حضرت مفتی محمد اعتماد الحق قاسمی مدظلہ ( ناظم مدرسہ اسلامیہ احسن العلوم مکرم پورہ ) حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر،حافظ محمد ضیاء اللہ خان نائب صدر،حافظ محمد وسیم الدین معتمد،حافظ محمد معظم حسین صاحب فیضی خازن، حافظ سید رضوان سکریٹری،حافظ محمد صادق علی سکریٹری، حافظ محمد فرید الدین امجد نائب خازن، مولانا ولی اللہ مفکر حسامی،مفتی محمد شعیب علی قاسمی،مفتی محمد عبدالعلیم قاسمی، مولانا محمد عصیم الدین حسامی،مفتی زید بن سعید قاسمی، مفتی محمد شاداب تقی قاسمی،مفتی ابوطلحہ قاسمی،مفتی محمد سلمان قاسمی،مفتی محمد مصعب قاسمی،حافظ مرزا خلیل اللہ بیگ، حافظ عبدالمجید اشتیاق ،حافظ محمد وسیم احمد ،حافظ عبدالقادر، حافظ خلیل الدین حسامی ،حافظ رفیق اور شہر ودیہات کے حفاظ وائمہ موجود تھے۔