ممبئی: بالی وڈ میں دیپیکا پاڈوکون ایک ایسی اداکارہ کے طور پر شمار کی جاتی ہیں جنہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنی زبردست اداکاری سے ناظرین کے دلوں میں خصوصی شناخت بنائی ہے ۔فلم اوم شانتی اوم سے ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کی پیدائش 5 جنوری 1986 کو ڈنمارک میں ہوئی ہے ۔ ان کے والد پرکاش پاڈوکون بین الاقوامی سطح کے مشہور بیڈمنٹن تھے۔ چاند سا چہرہ اور ر وشن آنکھیں اور کونکنی زبان بولنے والی دیپیکا نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔2006 میں ریلیز کنڑ زبان میں بنی فلم ایشوریا سے اداکاری کے میدان میں آئیں لیکن انہیں پہچان سپرہٹ فلم اوم شانتی اوم سے ملی جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔فرح خان کی ہدایت میں بنی اس فلم میں دیپیکا نے دوہرا کردار نبھاکر شائقین کو محظوظ کردیا ۔ فلم میں ان کے اپوزٹ کردار میں شاہ رخ خان تھے ، ا ن کی فلمی جوڑی کو سامعین نے بے حد پسند کیا اور یہ فلم سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم کیلئیانہیں فلم فیئر کا بہترین ڈیبو اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔