1000روپئے کے نوٹ کی واپسی پرآربی آئی کی وضاحت

   

کسی بھی قسم کی افواہوں کا شکار نہ ہو نے عوام سے اپیل

نئی دہلی: ملک میں8 نومبر 2016 کا دن یقیناً یاد رکھا جائے گا۔ رات 8 بجے جیسے ہی 500 اور 1000 روپے کے نوٹوں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ملک بھر میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تقریباً 7 سال بعد ریزرو بینک نے ایک بار پھر وہی اعلان کیا اور اس بار 2000 روپے کے نوٹ کو ختم کر دیا۔ اب بتایا جارہاہے کہ 1000 روپے کا نوٹ دوبارہ واپس لایاجائیگا۔ جب یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اٹھایا گیا تو ریزرو بینک آف انڈیا نے 2000 روپے کے نوٹ کو گردش سے ہٹانے کے لیے 30 ستمبر 2023 تک کا وقت دیا تھا۔ آخری تاریخ تک 87 فیصد کرنسی بینکوں میں واپس جمع کی گئی لیکن اب بھی 10 ہزار کروڑ روپے کے 2000 کے نوٹ بازار میں موجود ہیں۔ تاہم اب ان کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے 1000 روپے کے نوٹ کی واپسی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی ہیں تاہم اس پر ریزرو بینک نے دو ٹوک جواب دیا ہے کہ 1000 روپے کے نوٹ کو دوبارہ متعارف کرانے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور نہ ہی اس حوالے سے مستقبل کا کوئی منصوبہ ہے۔ریزرو بینک نے واضح کیا ہے کہ معیشت میں نقدی کی ضرورت کے مطابق 500 روپے کے کافی نوٹ چل رہے ہیں۔ ڈیجیٹل لین دین بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے اس لیے نقد رقم کی ضرورت کم ہوگی۔ اس وقت سسٹم میں اتنی نقدی ہے جتنی ضرورت ہے۔ ریزرو بینک نے لوگوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں کا شکار نہ ہوں اور کرنسی کے بارے میں باخبر رہیں۔ریزرو بینک نے 2000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے نکال دیا ہے، جو 30 ستمبر سے ختم ہو چکے ہیں۔ تاہم 30 ستمبر کی آخری تاریخ کے بعد بھی 2000 روپے کے نوٹ بدلنے کا آپشن برقرار ہے۔ جن کے پاس فی الحال 2000 روپے کی کرنسی ہے وہ ریزرو بینک کے علاقائی دفتر میں جا کر نوٹ بدلوا سکتے ہیں۔ آر بی آئی کے ملک بھر میں 19 علاقائی دفاتر ہیں۔