نئی دہلی 14 اگست (یو این آئی) یوم آزادی کے موقع پر پولیس، فائر فائٹنگ، ہوم گارڈز اور سول ڈیفنس اور اصلاحی خدمات کے جملہ1057 اہلکاروں کو بہادری اور خدمات کے تمغے دیے گئے ہیں۔ وزارت داخلہ نے جمعہ کے دن بتایا کہ 301 بہادری کے تمغے ، نمایاں خدمات کے لیے 92 صدارتی تمغے اور قابل تحسین خدمات کے لیے کل 664 تمغے دیے گئے ہیں۔ کل 301 بہادری کے تمغوں میں سے 272 پولیس اہلکاروں اور 29 فائر فائٹنگ سروس کے اہلکاروں کو دیے گئے ہیں۔ بہادری کے انعامات میں سے اکثر بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں کے 197 اہلکاروں، جموں و کشمیر کے علاقے کے 51 اہلکاروں، شمال مشرقی کے 12 اہلکاروں اور دیگر علاقوں کے 41 اہلکاروں کو ان کے بہادرانہ کارناموں کے لیے دیے جا رہے ہیں۔ نمایاں خدمات کے لیے کل 92 صدارتی تمغوں میں سے 83 پولیس سروس کو، 4 فائر فائٹنگ سروس کو، 3 سول ڈیفنس اینڈ ہوم گارڈ سروس کو اور 2 اصلاحی سروس کو دیے گئے ہیں۔ قابل تحسین خدمات کے لیے کل 664 تمغوں میں سے 606 پولیس سروس کو، 28 فائر فائٹنگ سروس کو، 18 سول ڈیفنس اینڈ ہوم گارڈ سروس کو اور 12 اصلاحی سروس کو دیے گئے ہیں۔ بہادری کا تمغہ زندگی اور جائداد کو بچانے ، یا جرم کو روکنے یا مجرموں کو گرفتار کرنے میں کیے گئے قابل ذکر بہادرانہ کارنامے کی بنیاد پر دیا جاتا ہے ، جس میں متعلقہ افسر کی ذمہ داریوں اور فرائض کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھائے گئے خطرے کا تخمینہ لگایا جاتا ہے ۔ نمایاں خدمات کے لیے صدارتی تمغہ سروس میں خاص نمایاں ریکارڈ کے لیے دیا جاتا ہے اور قابل تحسین خدمات کا تمغہ ایسے قیمتی خدماتی کام کے لیے دیا جاتا ہے ،۔
پرجول ریونا کے فون میں ویڈیوز ملنے کی خبرحقیقت سے بعید :بنگلورو پولیس
بنگلورو، 14 اگست (یواین آئی) کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو کی پولیس نے جمعہ کو ان میڈیا رپورٹس کو ”حقیقت سے بعید”قرار دیا، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں سابق رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کی بیرک سے ضبط کیے گئے موبائل فون اور پین ڈرائیو میں ویڈیوز ملی ہیں۔الیکٹرانکس سٹی سب ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس نارائن نے کہا کہ 11 اگست کو پرپنا اگراہارا سنٹرل جیل میں وسیع پیمانے پر تلاشی مہم کے دوران برآمد ہونے والی ممنوعہ اشیا کو باقاعدہ طور پر سیل کرکے تفتیشی افسر کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔
تلاشی کے دوران ایک موبائل فون اور 32 جی بی کی پین ڈرائیو برآمد ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ سکیورٹی سیکشن کی بیرکوں سے دو دیگر موبائل فون بھی ضبط کیے گئے ، جس کے بعد برآمد شدہ موبائل فونز کی کل تعداد تین ہو گئی ہے ۔ پولیس نے اس معاملے میں الگ سے مقدمات درج کیے ہیں۔پولیس نے بتایا کہ تمام ضبط شدہ آلات کو تفصیلی جانچ کے لیے فارنزک سائنس لیبارٹری بھیجا جائے گا۔