12%نہیں ، وقف کمشنریٹ نہیں ، اقلیتی کمیشن نہیں صرف افطار پارٹی

,

   

کے سی آر، بی جے پی سے زیادہ مسلمانوں کا پوشیدہ دشمن : محمد علی شبیر

حیدرآباد۔/21 اپریل، (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر سابق وزیر محمد علی شبیر نے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں ۔ بی جے پی مسلمانوں کی کھلی دشمن ہے جبکہ کے سی آر بی جے پی سے زیادہ مسلمانوں کے پوشیدہ دشمن ہیں۔ سابق قائد اپوزیشن کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی بنیاد دھوکہ دہی پر رکھی گئی ہے۔ تلنگانہ ریاست کیلئے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو دھوکہ دینے والے کے چندر شیکھر راؤ نے اقتدار حاصل کرنے کیلئے مسلمانوں کو ہتھیلی میں جنت دکھائی۔ اقتدار حاصل ہونے کے بعد 12 فیصد مسلم تحفظات کے وعدے کو فراموش کردیا۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد منعقدہ دو اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں 12 فیصد مسلم تحفظات کا وعدہ کیا جب قرارداد اسمبلی اور کونسل میں پیش کی گئی تو اس کی کانگریس نے بھرپور تائید و حمایت کی مگر حکومت مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اگر کانگریس کی طرح ٹی آر ایس مسلم تحفظات کے معاملے میں سنجیدہ ہوتی تو 80 ہزار جائیدادوں پر جو تقررات کئے جارہے ہیں اس سے مسلمانوں کو فائدہ ہوتا تھا۔ مگر چیف منسٹر مسلمانوں کو فائدہ پہنچانے کے حق میں نہیں ہیں۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ کیلئے وقف کمشنریٹ قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا جس کو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا۔ کے سی آر صرف وعدے کرتے ہیں جو کبھی پورے نہیں ہوتے۔ اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کا کوئی خصوصی اجلاس طلب نہیں کیا۔ دیگر طبقات کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس طلب کئے جاتے ہیں مگر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ اقلیتی کمیشن کی دو سال قبل میعاد مکمل ہوگئی ہے دوبارہ اقلیتی کمیشن تشکیل دینے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ دوسرے تمام کارپوریشنس تشکیل دیئے جارہے ہیں صرف اقلیتی کمیشن اور اقلیتی اداروں کو مخلوعہ رکھا گیا ہے۔ مسلمانوں کو افطار پارٹی کی ضرورت نہیں ہے، مسلمانوں سے جو وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کریں وہی کافی ہے۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل میں مسلمانوں نے بھی اہم رول ادا کیا ہے مگر ٹی آر ایس کے دور حکومت میں مسلمانوں کو ہر سطح اور ہر شعبہ میں نظر انداز کردیا گیا ہے۔ تلنگانہ پولٹیکل افیرس کمیٹی کے کنوینر محمد علی شبیر نے کہا کہ بی جے پی مسلمانوں کی کھلی دشمن ہے مسلمانوں کو بی جے پی سے کوئی امید نہیں ہے مگر سیکولرزم کا نقاب اوڑھ کر چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ میں مسلمانوں کے پوشیدہ دشمن بنے ہوئے ہیں۔ افطار پارٹی اور رمضان گفٹس کے نام پر مسلمانوں کو چاکلیٹ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وہ تمام مسائل کا جائزہ لینے کے بعد ہی حکومت کی افطار پارٹی کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کررہے ہیں کیونکہ اقلیتوں کے تئیں حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ن