انٹرمیڈیٹ آر جے ڈی جیہ پردا بائی نے شیڈول جاری کیا
حیدرآباد۔ 11 فروری (سیاست نیوز) انٹرمیڈیٹ کے آر جے ڈی جیہ پردا بائی نے جونیر لیکچررس کے منتخب امیدواروں کیلئے 13 فروری سے کونسلنگ منعقد کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے۔ 19 فروری تک یہ عمل جاری رہے گا۔ جملہ 1,286 امیدواروں کو کونسلنگ کیلئے طلب کیا جارہا ہے جس میں ملٹی زون۔ I کے حدود میں 659 اور ملٹی زون۔II کے حدود میں 627 امیدوار شرکت کریں گے، جن کیلئے حیدرآباد کے گن فاؤنڈری میں واقع محبوبیہ گورنمنٹ جونیر کالج میں کونسلنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ملٹی زون۔I کے امیدوار کیلئے صبح 10 تا ایک بجے دن تک ملٹی زون۔II کے امیدوار کیلئے دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک کونسلنگ کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ 13 فروری کو 214 امیدوار، 14 فروری کو 215 امیدوار، 15 فروری 215 امیدوار ، 17 فروری کو 214 امیدوار، 18 فروری کو 213 امیدوار، 19 فروری کو 215 امیدواروں کیلئے کونسلنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ان امیدواروں کے سرٹیفکیٹ، ویری فیکیشن کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ مضمون واری کونسلنگ کا انعقاد کرتے ہوئے ان امیدواروں کو کالجس الاٹ کئے جائیں گے۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کے علاوہ محکمہ طب میں بھی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف محکموں میں مخلوعہ جائیدادوں کو پر کیا گیا۔