14 سالہ لڑکی کی ممبئی میں عاشق کے ساتھ شادی !!

   

سہیلی سے ملاقات کے بہانے گھر سے روانہ ہوئی تھی ۔ سوشیل میڈیا پر مصروفیت کا شاخسانہ

حیدرآباد۔/30 مئی ، ( سیاست نیوز) انسٹا گرام پر دوستی اور انسٹا گرام پر شادی کی اطلاع سوشیل میڈیا پر نوجوان نسل کی دلچسپی جنون کی حد تک پہنچ گئی ہے۔ بچوں کی مصروفیت سے غفلت والدین اور سرپرستوں کیلئے ناقابل بیان تلافی اور زندگیوں کی تباہی کا سبب بن رہا ہے۔ بنجارہ ہلز حدود میں پیش آئے واقعہ کے بعد پولیس نے لڑکی کی تلاش میں شدت پیدا کردی ہے جو گذشتہ روز اپنے گھر سے نکلی تھی۔ ساتھی سہیلی سے ملاقات کے بہانے گھر سے روانہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی ممبئی پہنچ گئی اور اس کے تعلق سے فکر مند والدہ کو اس نے انسٹا گرام پر پیغام دیا کہ اس نے شادی کرلی اور عاشق کے ساتھ شادی کی تصاویر بھی پیش کردی۔ اس واقعہ کے بعد پولیس بھی حیرت کا شکار ہوگئی اور سماج میں بے عزتی پر ماں سکتہ میں آگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک 14 سالہ کم عمر لڑکی جو 8 ویں جماعت کی طالبہ ہے انسٹا گرام پر مصروف رہتی تھی۔ بنجارہ ہلز کی ساکن لڑکی مئی کو والدہ کو یہ بتاکر گھر سے نکلی تھی کہ وہ سہیلی سے ملاقات کیلئے جارہی ہے۔ لڑکی کے گھر نہ لوٹنے پر پریشان افراد خاندان نے تلاش شروع کردی تاہم 22 مئی کو خود لڑکی نے شادی کی اطلاع دی اور ممبئی میں موجود ہونے کا دعویٰ کیا اور عاشق سے شادی کی اطلاع بھی دی۔ اس اطلاع کے بعد اس کے افراد خاندان پر سکتہ طاری ہوگیا۔ 8 ویں جماعت کی طالبہ کے اس اقدام سے افراد خاندان کے ہوش اُڑ گئے۔ اب یہ اطلاع شہریوں میں تشویش کا سبب بنی ہوئی ہے اور ایسے افراد کی فکر میں اضافہ کا سبب بن گئی ہے جن کے بچے سوشیل میڈیا پر مصروف رہتے ہیں۔ تعلیم کے بہانے الیکٹرانک آلات اور انٹر نیٹ کا استعمال کرنے والے بچوں کے متعلق ان کے مستقبل سے زیادہ ان کے حال کی فکر بڑھ جاتی ہے اور خواب غفلت سے جاگنے کی اہمیت کیلئے یہ واقعہ ایک نظیر بن گیا ۔ بچوں پر بھروسہ کریں تو پھر ان پر نظر بھی رکھنا لازمی ہے۔ سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا بھی بہت ضروری بلکہ لازمی ہوجاتا ہے۔ بچوں کے مستقبل کیلئے انہیں ہر سہولیات فراہم کرنے میں مشغول والدین اور سرپرستوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچوں کی ہر حرکت پر سنجیدہ نظر رکھیں اور ان کی تربیت کا بہترین ماحول فراہم کریں اور ان کے مستقبل کو روشن کرنے کی فکر میں اولاد اور خود اپنے مستقبل کو تاریک نہ بنائیں۔ع