15 اگست سے 1.06 کروڑ اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم

   

چیف منسٹر سنگاریڈی میں آغاز کریں گے، 3.43 کروڑ افراد کو اناج کی سربراہی، اتم کمار ریڈی کا اجلاس

حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ فوڈ سکیوریٹی کا نظام 15 اگست سے اسمارٹ کارڈ کی صورت اختیار کرلے گا۔ یوم آزادی کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگاریڈی میں اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کریں گے اور بیک وقت تمام 33 اضلاع اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ ریاست بھر میں 1.06 کروڑ اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت استفادہ کنندگان کی تعداد 3.43 کروڑ ہے۔ کارڈ پر استفادہ کنندگان کو ہر ماہ فی کس 6 کیلو مفت چاول سربراہ کیا جارہا ہے۔ 26 جنوری 2025ء سے ریاست میں 16.32 لاکھ فوڈ سکیوریٹی کارڈس کا اضافہ ہوا ہے۔ وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے 15 اگست سے اسمارٹ کارڈس کی تقسیم کے سلسلہ میں عہدیداروں کو وسیع تر انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کی جانب سے تقسیم کے آغاز کے بعد تمام 33 اضلاع میں کارڈس کی تقسیم کا آغاز ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے کمشنر سیول سپلائز اسٹیفن رویندرا، سیول سپلائز کارپوریشن کے ڈائرکٹر روہت سنگھ اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ضلع کلکٹر سنگاریڈی پرتیک جین سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ریاست میں 10628092 فوڈ سکیوریٹی کارڈس کے ذریعہ 3.43 کروڑ افراد کو اناج سربراہ کیا جارہا ہے۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد جنوری 2026ء سے ریاست میں 1632810 نئے راشن کارڈ منظور کئے گئے جن کے تحت 6108544 استفادہ کنندگان کو اناج سربراہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگست 2026ء تک ریاست میں فوڈ سکیوریٹی کارڈس کی تعداد 1.06 کروڑ ہوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راشن شاپس پر چاول کی تقسیم کے لئے دھان کی خریدی پر حکومت ہر سال 20 ہزار کروڑ خرچ کررہی ہے۔ اُنھوں نے کلکٹر سنگاریڈی کو چیف منسٹر کے پروگرام کے لئے وسیع تر انتظامات کی ہدایت دی۔ دیگر اضلاع میں ریاستی وزراء اور عوامی نمائندوں کی موجودگی میں کارڈس تقسیم کئے جائیں گے۔V/1