ریاستی وزیر مال سرینواس ریڈی کا انکشاف
حیدرآباد/2 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ 15 فروری سے قبل ریاست میں پنچایت راج اداروں کے چناؤ کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔ کھمم کے دورہ کے موقع پر وزیر مال نے کارکنوں سے کہا کہ وہ پنچایت راج انتخابات کیلئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے طبقاتی سروے پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا تھا جس میں پنچایت راج انتخابات کے انعقاد پر غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو انتخابات کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور طبقاتی سروے کی رپورٹ کی بنیاد پر تحفظات کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں تحفظات میں اضافہ کی قرارداد کو منظوری دی جائے گی جس کے بعد مرکز کی منظوری کیلئے روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزکا رویہ بھلے کچھ ہو لیکن حکومت تحفظات کو طئے کرتے ہوئے جاریہ ماہ کے اواخر یا آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں چناؤ منعقد کرے گی جس کا شیڈول 15 فروری تک جاری کردیا جائے گا۔1